ملک میں صنعت کا فروغ اور منافع بخش کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ پیدا کرنے کے مواقع پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت کاروباری برادری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے وزیرِاعظم عمران خان کا اجلاس سے خطاب

80

اسلام آباد ۔ 31 اکتوبر (اے پی پی) وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں صنعت کا فروغ اور منافع بخش کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ پیدا کرنے کے مواقع پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت کاروباری برادری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ملک میں صنعت و حرفت کے فروغ خصوصاً درآمدات پر ٹیرف کی شرح، موجودہ ٹیرف کے صنعت اور برآمدات پر اثرات اور ٹیرف کے نظام میں مزید بہتری لانے کے حوالہ سے اقدامات کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹری صاحبان اور سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ٹیرف کے موجودہ نظام اور اس میں بہتری لانے کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ٹیرف کے نظام کو کاروباری طبقہ کی ضروریات کے مطابق بنانے کا مفصل لائحہ عمل وزیرِاعظم کو پیش کیا گیا۔ وزیرِاعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں صنعت کا فروغ اور منافع بخش کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ پیدا کرنے کے مواقع پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری برادری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ وزیرِاعظم نے ٹیرف نظام کے حوالہ سے تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد جہاں کاروباری طبقہ کی مشکلات دور کرنا اور ان کو آسانیاں فراہم کرنا ہے وہاں کاروباری طبقہ کو سازگار ماحول کی فراہمی ہے تاکہ پاکستان مصنوعات خطہ میں دوسرے ممالک کا مقابلہ کر سکیں اور بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنا حصہ حاصل کریں۔