ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.07 فیصد کا اضافہ ریکارڈ

169
Pakistan Bureau of Statistics.
Pakistan Bureau of Statistics.

اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.07 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 3.71 فیصد کا اضافہ ریکارڈکیا گیا ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 12 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتہ میں ملک میں روزمرہ استعمال کی 11 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 22 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

اس کے برعکس 18 اشیاء کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا۔ گذشتہ ہفتہ کے دوران پیاز کی قیمت میں 3.58 فیصد، ٹماٹر 3.10 فیصد، انڈے 2.14 فیصد، لہسن 1.58 فیصد، دال چنا 1.19 فیصد، اری چاول 0.75 فیصد، دال ماش 0.59 فیصد، آٹا 0.58 فیصد اور جلانے کی لکڑی کی قیمت میں 0.16 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس کے برعکس چکن کی قیمت میں 3.80 فیصد، اڑھائی بناسپتی گھی 2.27 فیصد، کیلا 1.99 فیصد، آلو 1.93 فیصد، سرسوں کا تیل 1.07 فیصد، پانچ لٹر کوکنگ آئل 0.98 فیصد، واشنگ سوپ 0.80 فیصد، ایک کلو بناسپتی گھی 0.52 فیصد، انرجی سیور 0.31 فیصد، ایل پی جی 0.28 فیصد اور سگریٹ کی قیمت میں 0.26 فیصد کا اضافہ ہوا۔

سب سے کم یعنی 17 ہزار 732 روپے ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.03 فیصد کا اضافہ ہوا، 17 ہزار 733 روپے سے لے کر 22 ہزار 888 روپے، 22 ہزار 889 روپے سے لے کر 29 ہزار 517 روپے، 29 ہزار 518 روپے سے لے کر 44 ہزار 175 روپے اور اس سے زیادہ آمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.05 فیصد، 0.07 فیصد، 0.07 فیصد اور 0.08 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کا تعین ملک کے 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی بیشی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔