اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):ملک میں ضروری اشیا کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتہ کے دوران استحکام رہا۔ پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق 19 دسمبرکوختم ہونے والے ہفتہ میں روزمرہ استعمال کے 11اشیا کی قیمتوں میں کمی اور17 کی قیمتوں میں استحکام رہا اس کے برعکس 23 اشیا کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا۔
اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ ہفتہ کے دوران آٹا کی قیمت میں 5.98 فیصد، ٹماٹر2.87 فیصد، آلو2.73 فیصد، چینی 0.94 فیصد، بناسپتی گھی ایک کلو0.50 فیصد، ڈھائی کلو بناسپتی گھی 0.41 فیصد، دال مسور0.38 فیصد، انڈے 0.09 فیصد، 5لیٹر کوکنگ آئل 0.07 فیصد، دال چنا 0.05 فیصد اورسرسوں کے تیل کی قیمت میں 0.01 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی۔
اس کے برعکس ٹوٹا باسمتی چاول کی قیمت میں 3.54 فیصد، پیاز3.50 فیصد، چکن 3.21 فیصد، کیلا 3.04 فیصد، اری چاول 2.43 فیصد، لہسن 2.16 فیصد، روٹی 1.45 فیصد، پکی بیف 1.26 فیصد، تیارچائے 1.22 فیصد، پکی دال 1.12 فیصد، ایل پی جی 2.34 فیصد اورواشنگ سوپ کی قیمت میں 1.54 فیصدکی نموریکارڈکی گئی۔
سب سے کم یعنی 17732 روپے ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.25 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی، 17733 روپے سے لیکر 22888 روپے اور22889 روپے سے لیکر29517 روپے تک کی ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.24 اور0.18 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی،29518 روپے سے لیکر44175 روپے ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.11 فیصد کی کمی جبکہ اس سے زیادہ ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے 0.18 فیصد کااضافہ ریکارڈکیاگیا۔ صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کاتعین ملک کے 17 شہروں کی 50مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی بیشی کی بنیادپرکیا جاتاہے۔