
اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی): نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ملک میں قدرتی وسائل کے استعمال کے لئے موثر اقدامات اور سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، غیر قانونی کان کُنی کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کئے جائیں ۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نےمنگل کو اپنی زیر صدارت پٹرولیم ڈویژن کےحوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس میں گفتگو کرتےہوئے کیا۔ اجلاس میں نگران وفاقی وزیر پاور و پیٹرولیم محمد علی ، مشیر نگران وزیراعظم احد چیمہ اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں نگران وزیراعظم کو پٹرولیم ڈویژن کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے بے پناہ قدرتی وسائل کی صلاحیت کو بھرپور طریقے سے استعمال کرنے کے لیے مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ قدرتی وسائل تک رسائی کے لیے روڈ انفراسٹرکچر بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ غیر قانونی کان کُنی کو روکنے کے لیے سخت اقدامات اٹھائے جائیں۔آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ کی جلد تقرری کے لئے تمام قانونی تقاضے مکمل کیے جائیں۔
بریفنگ کے دوران اجلاس کو بتایا گیا کہ پٹرولیم ڈویژن پروڈکشن انہانسمنٹ پروگرام پر کام کر رہا ہے ۔ پٹرولیم ڈویژن ملک میں مزید قدرتی وسائل کی تلاش کے لیے کوشاں ہے۔ پٹرولیم ڈویژن منرل سیکٹر ڈویلپمنٹ فریم ورک مرتب کر رہی ہے اور مائننگ سیکٹر میں غیر ملکی سر مایہ کاری کے فروغ کے لیے مثبت سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔