ملک میں مرغی، دالوں اور آٹا سمیت سات اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی، 15اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا

97
Pakistan Bureau of Statistics.
Pakistan Bureau of Statistics.

اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):ملک میں ہفتہ رفتہ کے دوران مرغی، دالوں اور آٹا سمیت سات اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی جبکہ 15اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ادارہ شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 21 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران جن چیزوں کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے ان میں چکن (2.45 فیصد) ، دال مونگ (1.09 فیصد)، گڑ (0.96 فیصد)، پیاز (0.78 فیصد)، دال مسور (0.37 فیصد)، گندم کے آٹے کا بیگ (0.18 فیصد) اوردال چنا (0.02 فیصد) شامل ہیں۔

سال بہ سال کی بنیاد پر گزشتہ سال کے اسی ہفتے کے مقابلے میں جن اشیاکی قیمتوں میں کمی دیکھی گئیں ان میں دال مونگ (32.05فیصد)، ٹماٹر (30.44فیصد)، پیاز (28.30 فیصد)، آلو (21.87 فیصد) اور دال ماش(1.59 فیصد) شامل ہیں ۔

مذکورہ ہفتہ کے دوران 15 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں جبکہ دوسری طرف 29 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا جن میں ٹماٹر (41.63فیصد) ، ڈیزل (10.06فیصد) ، پٹرول (8.19 فیصد) ،

ایل پی جی (7.11 فیصد)، سرسوں کا تیل (2.23 فیصد) ، ویجیٹبل گھی 1 کلو (1.91 فیصد) ، بریڈ سادہ (1.84 فیصد)، لہسن (1.82 فیصد)، واشنگ صابن (1.72 فیصد) ، آلو (1.57 فیصد)، کوکنگ آئل 5 لیٹر (1.50 فیصد)، کیلے (1.40فیصد)، جارجٹ (1.32 فیصد) ،

انڈے (1.31 فیصد) اور ویجٹیبل گھی 2.5 کلو گرام (1.25 فیصد) اور دیگر شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 21 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتہ کیلئے ہفتہ وارافراط زر میں مجموعی ایس پی آئی کے لحاظ سے گذشتہ ہفتہ کے مقابلہ میں 1.38 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

واضح رہے کہ ادارہ برائے شماریات پاکستان کی جانب سے ضروری اشیا کی قیمتوں کے تعین کے حوالہ سے ملک کے 17 مختلف شہروں اور 51 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کا احاطہ کرکے اعداد و شمار اکٹھے کئے جاتے ہیں۔