ملک میں مواصلات کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں چھ ماہ کے دوران نمایاں اضافہ

75
State Bank

اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):ملک میں مواصلات کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں پہلی ششماہی کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔

سٹیٹ بینک اورسرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں مواصلات کے شعبہ میں 146.5 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈکی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں مواصلات کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم منفی 41.5 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

دسمبر2021میں ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 31.9 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا۔

اعدادوشمارکے مطابق پہلی ششماہی میں ملک میں ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبہ میں 56.9 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈکی گئی جبکہ دسمبر 2021 میں 20.5 ملین ڈالرتھی۔

پہلی ششماہی میں ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 89.7 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 26.1 ملین ڈالر اور دسمبر2021میں 11.3 ملین ڈالرتھا۔