ملک میں مکمل مذہبی آزادی اور دیگر حقوق کے ساتھ اقلیتوں کو آزادی فراہم کی گئی ہے، رمیش سنگھ اروڑہ

102
پاکستان کے تمام مذاہب مسلمان، ہندو، سکھ، مسیحی اور دیگر سب پاکستانی پرچم تلے متحد ہیں،صوبائی وزیر اقلیتی امور

لاہور۔21دسمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر برائے انسانی حقو ق اور اقلیتی اموررمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو آزادی حاصل ہے اور پنجاب یونیورسٹی میں کرسمس منانے کی تقریب اس بات کی بہترین مثال ہے کہ ملک میں مکمل مذہبی آزادی اور دیگر حقوق کے ساتھ اقلیتوں کو آزادی فراہم کی گئی ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی مسیحی ملازمین کے زیر اہتمام کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب سے فیصل آڈیٹوریم میں خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی،ایم پی اے غزالی سلیم بٹ، ایم پی اے خالد کھوکھر،ایم پی اے ملک شفیق کھوکھر، ایم پی اے چوہدری وسیم انجم سندھو، پارلیمانی سیکریٹری سونیا آشر، رجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام، صدر پنجاب یونیورسٹی ملازمین یونین چوہدری بشارت محمود،

چیئرمین مسیحی اتحادامن کمیٹی چوہدری مشتاق مسیح، فیکلٹی ممبران، مسیح ملازمین اور ان کی فیملیزنے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں رمیشں سنگھ اروڑہ نے کہاکہ پاکستان میں اقلیتوں کے بارے میں دنیا کا تاثر غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس پاکستان میں اقلیتوں کے ساتھ کبھی امتیازی سلوک نہیں کیا جاتا۔انہوں نے کہا کہ کرسمس محبت، امن، بھائی چارے اور خوشیوں کا تہوار ہے جس میں تمام برادریوں کی شرکت اتحاد کو فروغ دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز کا پیغام ہے کہ اقلیتیں ہمارے سر وں کے تاج ہیں جنہیں اپنے مذہبی تہوار بغیر کسی خوف کے منانے کی آزادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کم آمدنی والے پچاس ہزار مسیحی خاندانوں کو اقلیتی کارڈ دینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اقلیت اور اکثریت کا یکساں کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کے پنجاب یونیورسٹی میں ہر رنگ، نسل، مذہب، صوبے اور دیگر کے لوگوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر محمد علی کی قیادت میں پنجاب یونیورسٹی مزید ترقی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کے ویژن کے مطابق تعلیم پر سرمایہ کاری کر کے بچوں کو دنیا میں امن اور محبت کے سفیر بننے کے قابل بنا رہے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے مسیحی ملازمین ہمارے خاندان کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے اور ہر کوئی ایسی تقریبات میں اتحاد کے ساتھ شرکت کرتا ہے

جس سے اس کی خوبصورتی میں اضافہ ہوتاہے۔ انہوں نے بہترین تقریب کے انعقاد پر چوہدری مشتاق اور ان کی ٹیم کی تعریف کی اورکرسمس کی مبارکباد دی۔ چیئرمین مسیحی یونین چوہدری مشتاق نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر ایڈوانس تنخواہ، بونس اور عیدی دینے پر وہ وائس چانسلر کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 20 سال سے ہم پنجاب یونیورسٹی میں ہر تہوار بغیر کسی خوف کے منا رہے ہیں جس پر انتظامیہ کے شکر گزار ہیں۔ بعد ازاں رمیش سنگھ اروڑہ، ڈاکٹر محمد علی سمیت دیگر نے کرسمس کیک کاٹا۔