ملک میں مہنگائی کا سبب بننے والے لوگ دوبارہ مسلط ہونا چاہتے ہیں، وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور کا کسان کنونشن سے خطاب

60

ڈیرہ اسماعیل خان۔23ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کا سبب بننے والے لوگ دوبارہ مسلط ہونا چاہتے ہیں، عمران خان انہیں این آر او دے دیں تو وہ انہیں تاحیات وزیراعظم بھی بنا دیں گے، موجودہ حکومت سے پہلے کسی نے کسانوں کا نہیں سوچا، ناانصافی کے خلاف آواز اٹھائے بغیر انصاف نہیں ملتا، رشوت دینے سے انکار کر دیں تو رشوت ستانی خودبخود ختم ہو جائے گی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیراعظم عمران خان، گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان، وزیراعلیٰ محمود خان اور ارکان پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔

علی امین گنڈا پور نے کہاکہ موجودہ حکومت جب برسراقتدار آئی تو ملک کے معاشی حالات بہت خراب تھے، 20 ارب ڈالر خسارے کا سامنا تھا، کاشتکاروں کو ان کی فصلوں کا معاوضہ نہیں مل رہا تھا، زرعی زمینوں پر رہائشی کالونیاں بنائی جا رہی تھیں اور شوگر مافیا کا راج تھا لیکن وزیراعظم عمران خان نے عوام کیلئے اصولوں کی سیاست کی ہے، گنے کے کاشتکاروں کو پہلی مرتبہ ان کی فصل کا وہ معاوضہ ملا ہے جو پہلے کبھی نہیں ملا، قرضوںکی قسطیں ادا کی گئیں، ملک کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے موثر اقدامات کئے گئے، معیشت اب مستحکم ہے، کورونا کے دوران وزیراعظم عمران خان نے جو حکمت عملی اپنائی، پوری دنیا نے اسے سراہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ خودداری اور خودمختاری کے بغیر کوئی قوم عظیم قوم نہیں بن سکتی، ماضی میں حکمرانوں نے پیسے کیلئے عوام پر دوسروں کی جنگیں مسلط کیں لیکن اس کے باوجود ڈومو رکے مطالبے ہو رہے تھے لیکن وزیراعظم عمران خان نے اس حوالہ سے واضح پالیسی اپنائی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر رشوت دینے سے انکار کر دیا جائے تو رشوت ستانی خودبخود ختم ہو جائے گی۔ راشی اہلکاروں کے خلاف شکایت کی جانی چاہئے، اس پر ان کے خلاف ایکشن ہوگا، ناانصافی کے خلاف آواز اٹھائے بغیر انصاف نہیں ملتا۔

انہوں نے کہاکہ کوئی بھوکا نہ سوئے، موجودہ حکومت کا انتہائی اہم پروگرام ہے، مہنگائی کی وجہ وہی لوگ ہیں جو دوبارہ مسلط ہونا چاہتے ہیں، عمران خان اگر انہیں این آر او دے دیں تو وہ انہیں تاحیات وزیراعظم بھی بنا دیں گے لیکن عمران خان اصولوں پر کھڑے ہیں۔