ملک میں مہنگائی کی شرح میں گزشتہ ہفتہ کے دوران 0.50 فیصدکی کمی ریکارڈ، ہفتہ رفتہ میں روزمرہ استعمال کی 7 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی،22کی قیمتوں میں استحکام رہا

129
Pakistan Bureau of Statistics.
Pakistan Bureau of Statistics.

اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):ملک میں مہنگائی کی شرح میں گزشتہ ہفتہ کے دوران 0.50 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے، ہفتہ رفتہ میں روزمرہ استعمال کی 7 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی اور22کی قیمتوں میں استحکام رہا، 22 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈکیاگیا۔

پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے افراط زربارے جاری ہفتہ واررپورٹ کے مطابق 30 دسمبر2021 کوختم ہونے والے ہفتہ میں پیوستہ ہفتہ کے مقابلہ میں ٹماٹرکی قیمت میں 30.92 فیصد، آلو 7.92 فیصد، سرخ مرچ پائوڈر 5.78 فیصد، پیاز2.39 فیصد، آٹا 0.42 فیصد، دال ماش 0.22 فیصد اورایل پی جی کی قیمت میں 1.59 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی۔

اس کے برعکس کیلے کی قیمت میں 3.19 فیصد، چکن 2.16 فیصد، تیارچائے 2.05 فیصد، انڈے 1.45 فیصد اوردال مسورکی قیمت میں 1.10 فیصد کااضافہ ہوا۔ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں ٹماٹرکی قیمت میں 39.55 فیصد، دال مونگ 24.73 فیصد، پیاز17.85 فیصد، انڈا9 فیصد اورآلو کی قیمت میں 6.55 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔

سب سے کم یعنی 17732 روپے ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے گزشتہ ہفتہ کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.80 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔ 17732 روپے سے لیکر22888 روپے، 22889 روپے سے لیکر29517 روپے، 29518 روپے سے لیکر44175 روپے اوراس سے زیادہ ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.72 فیصد، 0.61 فیصد، 0.54 فیصد اور0.40 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔

صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کا تعین ملک کے 17 شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیا کی قیمتوں میں ردوبدل کی بنیادپرکیا جاتا ہے۔