اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):پاکستان پاور لیفٹنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد راشد ملک نے کہا ہے کہ ملک میں نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لئے کھیلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے اور ممنوعہ ادویات کا استعمال جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز منشیات کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو نوجوان نسل کو معاشرتی برائیوں اور منشیات کی لعنت سے بچانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانا ہوں گے اور زیادہ سے زیادہ کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کے ساتھ، ساتھ کھیلوں کے میدان آباد کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں منشیات کی لعنت ختم کرنے کے لئے اس وقت معاشرے کے ہر فرد کو فرض سمجھ کر اپنا، اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور تعلیمی اداروں میں اس منشیات کی لعنت سے بچنے کے حوالے سے نوجوان طلباء و طالبات کو لیکچرز دینے کی ضرورت ہے اور اس کے ساتھ، ساتھ سیمینار بھی منعقد کرائے جائیں تاکہ نوجوان طلباء و طالبات کو منشیات کے نقصانات سے آگاہی حاصل ہو سکے۔
ممنوعہ ادویات کے مضر اثرات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں راشد ملک نے کہا کہ کھلاڑیوں کو بھی ممنوعہ ادویات کا استعمال نہیں کرنا چاہئے اور یہ ادویات انسانی زندگی کے لئے خطرناک ہیں اور یہ ادویات جان لیوا ثابت بھی ہوسکتی ہیں۔