ملک میں ٹیبل ٹینس کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں ،صرف کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے، عابد حسین عابد

97

اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میر پور کے ڈائریکٹر سپورٹس عابد حسین عابد نے کہا ہے کہ ملک میں ٹیبل ٹینس کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں ،صرف کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں جاری پرائم منسٹر ٹیبل ٹینس ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرائم منسٹر ٹیبل ٹینس ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ میں نیا ٹیلنٹ سامنے آسکتا ہے اور تعلیمی ادارے ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لئے گراس روٹ سطح پر اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور میرپور کی ٹیمیں بوائز اینڈ گرلز ایونٹس کے فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ فائنل مقابلے (کل)بروزبدھ پاکستان سپورٹس بورڈ کے حمید ی ہال میں کھیلے جائیں گے۔ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میر پور کے ڈائریکٹر سپورٹس عابد حسین عابد نے بتایا کہ لیگ میں پانچ ریجنز کی بوائز اینڈ گرلز ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں میرپور ریجن، مظفرآباد ریجن، گلگت ریجن، سکردو ریجن اور اسلام آباد ریجن کی ٹیمیں شامل ہیں۔