ملک میں پانی کی قلت اور توانائی کے مسائل سے نمٹنے کے لئے چھوٹے ڈیموں کی تعمیر ناگزیر ہے ، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

85
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اپنے عہدے سے مستعفی

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ملک میں پانی کی قلت اور توانائی کے مسائل سے نمٹنے کے لئے چھوٹے ڈیموں کی تعمیر ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی آبادی کا سب سے بڑا طبقہ زراعت کے شعبے سے منسلک ہے اور چھوٹے ڈیموں سے زراعت کے مقاصد کے لئے بھی پانی کی دستیابی میں اضافہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روزضلع صوابی میں زیر تعمیر بادہ ڈیم خیبر پختونخواہ پر ہونے جاری کام سے متعلق ہونے والی پیشرفت کے جائزہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

اسپیکر اسد قیصر کو ڈائریکٹر جنرل سمال ڈیمز ایریگیشن نے بادہ ڈیم منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے پیشرفت اور بادہ ڈیم خشک ہونے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ماہرین بادہ ڈیم کی زیر زمین سطح کا جائزہ لے رہیں ہیں اور اب تک کی اطلاعات کے مطابق ڈیم سے کسی بھی قسم کی لیکیج ثابت نہیں ہوئی ۔ڈیم میں پانی خشک ہونے کی اصل وجہ بارشوں میں کمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فی الوقت گذشتہ 8 ماہ کی خشک سالی کی وجہ سے ڈیم میں پانی کی عدم دستیابی غیر معمولی صورتحال نہیں ہے۔ جون 2022 میں منصوبے کی باقائدہ تکمیل کے بعد ہی منصوبہ اپنے مقرر کردہ اہداف کے حصول کے قابل ہوسکے گا۔ سپیکر نے کہا کہ زیر زمین پانی کی سطح کو بڑھانے کے لئے چھوٹے پانی کے ذخیروں کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مقامی علاقوں کے مفادات کے تحفظ کو بھی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اُٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ محکموں کے حکام کو ہدایات کی کہ ڈیم کی تعمیر کو بروقت مکمل کیا جائے۔