31.1 C
Islamabad
بدھ, جون 4, 2025
ہومتازہ ترینملک میں پہلی بار بینک کرپٹسی کا قانون لانے کا فیصلہ کیا...

ملک میں پہلی بار بینک کرپٹسی کا قانون لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ہارون اختر خان

- Advertisement -

اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہملک میں پہلی بار بینک کرپٹسی کا قانون لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزارت صنعت و پیداوار کا صنعتی پیکج حتمی مراحل میں ہے جس کا مقصد بند صنعتی یونٹس کی بحالی کیلئے بینکوں سے قرض کا حصول ہے۔ وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے جاری بیان میں ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت نے بند صنعتی یونٹس کو چلانے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ایک اہم اقدام کے تحت وزارت صنعت و پیداوار کا تیار کردہ صنعتی پیکج حتمی مراحل میں ہے۔

انہوں نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں پہلی بار بینک کرپٹسی کا قانون لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، قانون کا مقصد بند صنعتی یونٹس چلانے کیلئے بینکوں سے قرض کا حصول ہے۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ بینک کرپٹ ہونے کی صورت میں صنعتی یونٹس کی نیلامی کی بجائے بینک انہیں قرض دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بینک کرپٹ ہونے پر سب کچھ نیلام کر دیا جاتا ہے جس سے بینکوں کا پیسہ بھی ڈوب جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب، ایف آئی اے ، اینٹی منی لانڈرنگ اور اینٹی کرپشن کے کردار کو محدود کیا جائے گا، کسی بھی کاروباری ادارے کے خلاف تحقیقات سے قبل ایس ای سی پی سے اجازت لینا ہوگی۔

- Advertisement -

ہارون اختر خان نے کہا کہ ایس ای سی پی قانون میں ترامیم پر ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے اور قانون میں نئی شق کا اضافہ کیا جائے گا۔ اسی طرح فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کی تحقیقات سے متعلق بھی قانون میں ترامیم زیر غور ہیں۔ معاون خصوصی نے سوال کیا کہ اگر بینک کلیئرنس کی اجازت دیتا ہے تو پھر تحقیقات کس کی ؟۔

انہوں نے کہا کہ ٹیرر فنانسنگ ، منی لانڈرنگ کا شک ہو تو تحقیقات کے بعد کیس متعلقہ ایجنسی کو بھیجا جائے۔ انہوں نے سوال کیا کہا جو ملک گرے لسٹ میں نہیں ہیں وہاں سے آنے والی رقوم کی چھان بین کیوں کی جاتی ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی یونٹس میں سرمایہ کاری پر اضافی جرمانے اور سرچارجز وغیرہ معاف کئے جائیں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603917

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں