اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کافی ہیں،روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم سٹاک کا جائزہ لے کر ضروری ہدایات جاری کرتے ہیں۔پیر کو خطے کی صورتحال کے تناظر میں پٹرولیم مصنوعات پر نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صورتحال کے پیش نظر وزیر خزانہ کی قیادت میں پیٹرولیم مصنوعات کے جائزے کی ایک کمیٹی تشکیل دی ہے،اس کمیٹی کا میں بھی حصہ ہوں ، اوگرا چئیرمین، سیکرٹری پیٹرولیم اور دیگر افسران بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم سٹاک کا جائزہ لے کر ضروری ہدایات جاری کرتے ہیں،اس حوالے سے آج وزارت پیٹرولیم میں جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کافی ہیں،اوگرا ریفائنری اور آئل مارکٹنگ کمپنیوں کے سٹاک کی مانیٹرنگ کر رہا ہے،پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین فعال رکھنے کی آخری حد تک کوشش کریں گے۔