اسلام آباد ۔ 3 اگست (اے پی پی) ملک میں چلنے والی 84 شوگر ملز سے سالانہ 17.1 ملین ٹن کا پھوگ ( بائیوماس) حاصل ہوتا ہے جس سے 1844 میگا واٹ سستی بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔ عالمی بینک کی رپورٹ ”بائیو ماس ایٹلس آف پاکستان“ کے مطابق گنے کے پھوگ کے علاوہ چاول کے چھلکے اور میونسپل سالڈ ویسٹ سے بھی بجلی پیدا کی جاسکتی ہے جو توانائی کے بحران کے خاتمہ میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق صرف شوگر ملز کی ویسٹ سے سالانہ 4944 گیگا واٹ بجلی حاصل کی جاسکتی ہے اور اگر چاول کے چھلکے اور دیگر ذرائع سے چلنے والے پلانٹس سے استفادہ کیا جائے تو سالانہ 10 ہزار 759 گیگا واٹ سستی بجلی پیدا کرکے قومی گرڈ میں شامل کی جاسکتی ہے