ملک میں کروڑوں کی تعداد میں لوگوں کو کرونا ویکسین کی پہلی ڈوز لگانے کا عمل مکمل ہو چکا ہے،پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد

88

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ ملک میں کروڑوں کی تعداد میں لوگوں کو کرونا ویکسین کی پہلی ڈوز لگانے کا عمل مکمل ہو چکا ہے، حکومت عوام کیلئے ویکسی نیشن کے عمل کو آسان اور قابل رسائی بنانے کیلئے مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سکولوں میں 12سال سے زائدعمر کے بچوں کو ویکسین لگانے کا عمل شروع ہو چکا ہے اور اس سلسلے میں طلبہ و طالبات کے والدین بھی ویکسی نیشن کرنے والی ٹیموں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں تاکہ جلد از جلد اس وبا سے چھٹکارہ پایا جا سکے۔

ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا کہ فائزر ویکسین 18 سال سے کم عمر بچوں کو لگائی جائے گی۔ انہوں نے عوام پر زور دیا ہے کہ جلد از جلد اپنی ویکسی نیشن مکمل کروائیں کیونکہ کورونا وبا سے نجات حاصل کرنے کا یہی واحد حل ہے، ہر شہری کیلئے ضروری ہے کہ خود کو وبا سے محفوظ رکھنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرے۔