ملک میں کووڈ19 کے کیسز میں تیزی سے کمی اور بڑی آبادی کی کامیاب ویکسی نیشن کے بعد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کو بند کر رہے ہیں ، وفاقی وزیر اسدعمر کی پریس کانفرنس

122

اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسدعمر نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک میں کووڈ-19 کے کیسز میں تیزی سے کمی اور بڑی آبادی کی کامیاب ویکسی نیشن کے بعد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کو آج بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں کووڈ کے کیسز اور ویکسی نیشن کی شرح کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اب ہم نے اس وبا کے ساتھ زندگی گزارنے کا نارمل طریقہ کار اپنانا ہے اور ایمرجنسی میں بنائے گئے اس ادارے کو بند کرنے کا وقت آگیا ہے۔انہوں نے پوری قوم کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہماری ویکسی نیشن کی شرح بہت اچھی سطح تک پہنچ چکی ہے اور وبا کا پھیلاؤ بھی کم ہو گیا ہے، لہٰذا آج این سی او سی کے آپریشن کا آخری دن ہے۔

انہوں نے کہا ہمیں گزشتہ دو سال میں جو کامیابی حاصل ہوئی اس کی دنیا کے بڑے بڑے اداروں اور شخصیات نے اس پر پاکستان کی تعریف اور پذیرائی کی۔وزیر منصوبہ بندی اور ترقی نے کہا کہ صرف حکومت ہی نہیں بلکہ ہم نے من حیث القوم اس کا مقابلہ کیا، تمام اداروں اور صوبائی حکومتوں نے اس میں اپنا کردار ادا کیا اور وفاق اور صوبوں نے مل کر احسن طریقے سے کام کیا، تمام فیصلے مشاورت سے کیے گئے اور تمام صوبوں میں اس کا اطلاق کیا گیا۔

انہوں نے فوج اور عدلیہ کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بڑے بڑے ملکوں میں کووڈ کی پابندیوں کے حوالے سے انتشار دیکھا گیا لیکن پاکستان میں ایسا نہیں ہوا جس کا سہرا عدلیہ کے سر جاتا ہے جنہوں نے اس بات کو سمجھا کہ یہ ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے، اس لیے ایک دوسرے کی مدد کرنی ہے اور این سی او سی سے بن کر جانے والی پالیسیوں پر عوام نے بہت حد تک عملدرآمد کیا۔

اسد عمر نے اس حوالے سے علما، میڈیا اور ڈاکٹر فیصل سلطان سمیت وزارت صحت اور اس سے متعلقہ شعبوں کے کردار کو بھی سراہا۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک انتہائی مربوط طریقہ کار تھا جس نے پاکستان میں کووڈ 19 کا مقابلہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔