ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے کارپوریٹ سیکٹر آگے آنا ہوگا، وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی میڈیا سے گفتگو

62
ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے کارپوریٹ سیکٹر آگے آنا ہوگا، وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے کارپوریٹ سیکٹر آگے آنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کرنل ریٹائرڈ آصف زمان اور پی ایف ایف کی نارملائزیشن کمیٹی کے رکن حارث عظمت بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا کہ میرٹ پر فیصلہ کریں اور ایک طریقہ کار طے کیا گیاہے کہ دنیا کی طرح ہم بھی فٹ بال کو پرموٹ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں این سی کے ممبرز کا شکریہ اداکرتی ہوں کہ جہنوں نے مل بیٹھ کر فٹ بال کے مسائل کو حل کرنے کی بات کی ہے۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ تمام سپورٹس فیڈریشن کو فنانشل پروگرام بنانا ہوگا اور کارپوریٹ سیکٹر کو تمام کھیلوں کی تنظیمیں آگے لائیں ، ہر فیڈریشن اپنے اصلی کلب رجسٹرڈ کرے اور ہم اس پر نگاہ رکھیں گے،

ہر کلب کھلاڑیوں کا ڈیٹا فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک ایک کھلاڑی ایک ہی کلب میں رجسٹرڈ ہوگا۔ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ فیفا ہائوس پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کے حوالے کیا جائے گا اور یہ بچوں کے لئے خوش خبری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آئین کے مطابق انتخابات کرائیں گے انہوں نے کہا کہ میڈیا بھی کھیلوں کی ترقی کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرے تاکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں سہولیات کو اپ گریڈ کر رہے ہیں اور کھیلوں میں سیاست نہیں ہونی چاہئے۔پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے کہا کہ پہلے فیفا ہاوس کو لیں گے پھر الیکشن کروائیں گے۔

فیفا اور این سی ممبرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ بھی پاکستان فٹ بال کے لئے مثبت انداز میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے اب معاملات اگے بڑھیں گے فیفا ہاوس کی واپسی کے بعد پاکستان پر معطلی ختم ہو جائے گی۔ اور ملک میں انتخابات کا عمل شروع ہو جائے گا پہلے کلبوں کی رجسٹریشن اور سکروٹنی کا عمل جلد شروع ہوگا۔ اور ہماری خواہش ہے کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے منصفانہ انتخابات کروا کر چارچ نئی مجلس عاملہ کے حوالے کیا جائے گا۔