اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):ملک میں گذشتہ ہفتہ کے دوران روزمرہ استعمال کی پانچ ضروری اشیاءکی قیمتوں میں کمی اور 23 کی قیمتوں میں استحکام ریکارڈ کیا گیا، 23 ضروری اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے افراط زر بارے ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 23 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران مشترکہ آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ (ایس پی آئی) میں 0.40 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ہفتہ رفتہ میں پانچ ضروری اشیاءکی قیمتوں میں کمی اور 23 کی قیمتوں میں استحکام رہا جبکہ 23 ضروری اشیاءکی قیمتوں میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔
گذشتہ ہفتہ کے دوران آلو کی قیمت میں 5.26 فیصد، سرخ مرچ پائوڈر 4.16 فیصد، پیاز 2.80 فیصد، گڑ 0.76 فیصد اور آٹے کی قیمت میں 0.12 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ٹماٹر کی قیمت میں 7.28 فیصد، انڈے 2.95 فیصد، دال مسور 1.72 فیصد اور چینی کی قیمت میں 1.46 فیصد کا اضافہ ہوا۔ غیر غذائی ضروری اشیاءمیں ایل پی جی کی قیمت میں 5.03 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔
سالانہ بنیادوں پر گذشتہ ہفتہ کے دوران پیاز کی قیمت میں 25.15 فیصد، دال مونگ 24.56 فیصد، ٹماٹر 16.48 فیصد، انڈے 10.03 فیصد، چکن 9.74 فیصد اور آلو کی قیمت میں 7.98 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
سب سے کم یعنی 17 ہزار 782 روپے ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.28 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ 17 ہزار 733 لے کر 22 ہزار 888 روپے، 22 ہزار 889 روپے سے لے کر 29 ہزار 517 روپے، 29 ہزار 518 سے لے کر 44 ہزار 175 اور اس سے زائد ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.29 فیصد، 0.31 فیصد، 0.33 فیصد اور 0.46 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
قیمتوں کے حساس اشاریہ کا تعین ملک کے 17 شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں ردوبدل کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔