اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):باغباں کمال پور فٹبال کلب (شاہکوٹ)کے چیئرمین حاجی شاہد عمران باغباں نے کہا ہے کہ ملک میں گراس روٹ سطح پر کھیلوں کی ترقی کے لئے بھر پور اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر رکھا ہے بلکہ دنیا پر کھیل کے میدانوں پر کئی دہائیوں پر حکمرانی کر رکھی تھی جن میں ہاکی، سکواش اور کرکٹ شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں گراس روٹ سطح پر کھیلوں کی ترقی کے لئے تعلیمی ادارے بھر پور کردار ادا کر سکتے ہیں۔ کوئی بھی کھیل حکومتی اور سپانسرز کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا اور پرائیویٹ سیکٹرز کو کرکٹ کی طرح دوسرے کھیلوں پر بھی توجہ دینی چاہئے۔ 18 رکنی باغبان کمالپور فٹ بال ٹیم 26 فروری سے شروع ہونے والے آل پاکستان فٹبال ٹورنامنٹ نتھووالا میں حصہ لے گی۔
ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے نامور ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ 18 رکنی ٹیم کے کھلاڑیوں میں ریحان چشمہ، شیراز (پاکستان آرمی)، توصیف (ایس این جی پی ایل)، ماب علی (پی ٹی وی)، حمزا (کےپی واپڈا)، عثمان (سول ایوی ایشن)، عادل (پاکستان نیوی)، سلیم اور امین (پاکستان لیویز)، رضا، آفان، رضوان، کامل، نانو، بلاچ، ارسلان خٹک (افغان ٹی وی) سے شامل ہیں جبکہ ٹیم منیجر اور کوچ کے فرائض بالترتیب عمر شہزاد باغبان اور خرم شہزاد مٹھو انجام دیں گے۔