اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے خصوصی مشیر برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ملک میں ہر کسی کو اظہار رائے کی آزادی کا حق حاصل ہے بشرطیکہ وہ ریاست مخالف بیان بازی نہ کریں، ملک بھر میں سوشل میڈیا، نیوز چینلز اور اخبارات آزادانہ طور پر اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، پیمرا کے قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں پر ہی پابندی عائد کی گئی۔ جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف پاکستان مخالف اور کے قومی اداروں کے خلاف جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں۔ نواز شریف کے اظہار رائے کی آزادی کے حق سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عدالت نے فیصلہ دیا ہے کہ مفرور کو تقریر کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ یہ آزادی اظہار رائے کا ثبوت ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کو جلسے کرنے سے منع نہیں کیا لیکن ریاست کے خلاف کوئی بھی بیان قابل قبول نہیں ہے۔ کوویڈ۔ 19 کی وجہ سے بگڑتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے عثمان ڈار نے کہا کہ اپوزیشن ریلیوں کو ملتوی نہ کر کے عوام کی زندگیوں کو داو¿ پر لگا رہی ہے۔