اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میں پولیو کے خاتمے کے لیے ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے ملک میں 2024 کے 73 ویں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ 1 (ڈبلیو پی وی 1) کیس کی نشاندہی کی تصدیق کی ہے۔جمعرات 16 جنوری 2025 کو لیبارٹری نے ٹھٹھہ سے پولیو کے ایک کیس کی تصدیق کی۔ پولیو کا یہ کیس 10 دسمبر 2024 کو سامنے آیا تھا ۔2024 میں ٹھٹھہ سے پولیو کا یہ پہلا کیس ہے۔پاکستان 2024 میں 73 کیسز کے ساتھ ڈبلیو پی وی 1 کے تیزی سے دوبارہ ابھر رہا ہے۔
ان میں سے 27 کا تعلق بلوچستان، 22 کا خیبر پختونخوا، 22 کا سندھ اور ایک ایک کا تعلق پنجاب اور اسلام آباد سے ہے۔پولیو ایک لا علاج بیماری ہے جس کا کوئی علاج نہیں ہے۔ اس خوفناک بیماری کے خلاف بچوں کو اعلی قوت مدافعت فراہم کرنے کے لئے اورل پولیو ویکسین کی متعدد خوراکیں اور پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کے لئے معمول کے حفاظتی ٹیکوں کے شیڈول کی تکمیل ضروری ہے۔
پاکستان پولیو پروگرام ایک سال میں بڑے پیمانے پر ویکسینیشن مہم چلاتا ہے، بچوں کو ان کی دہلیز پر ویکسین پہنچاتا ہے جبکہ حفاظتی ٹیکوں کا توسیعی پروگرام صحت کے مراکز میں بچوں کی 12 بیماریوں کے خلاف مفت حفاظتی ٹیکے فراہم کرتا ہے۔سال کی پہلی پولیو ویکسینیشن مہم 3 سے 9 فروری 2025 تک ملک بھر میں چلائی جائے گی۔ والدین کے لئے یہ ضروری ہے کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو محفوظ رکھنے کے لئے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کو یقینی بنائیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=547309