ملک میں 8 سال کے دوران گندم کے تصدیق شدہ بیج کی دستیابی کی شرح 39تا 59 فیصد رہی

167
ملک میں 8 سال کے دوران گندم کے تصدیق شدہ بیج کی دستیابی کی شرح 39تا 59 فیصد رہی

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):ملک میں 8 سال کے دوران گندم کے تصدیق شدہ بیج کی دستیابی کی شرح 39تا 59 فیصد کے درمیان رہی ہے۔ فیڈرل سیڈ سرٹیفکیشن اینڈ رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کےمطابق مالی سال 2016 میں گندم کےبیج کی مجموعی طلب 10 لاکھ 93 ہزار 200 میٹرک ٹن تھی جبکہ سرکاری اور نجی شعبہ میں مجموعی طور پر 4لاکھ 21 ہزار 615 میٹرک ٹن تصدیق شدہ بیج دستیاب تھا۔

جو طلب کے39 فیصد کے مساوی تھا ، اسی طرح مالی سال2017اور 2018 میں گندم کے تصدیق شدہ بیج کی طلب کے مقابلے میں دستیابی کی شرح 40 فیصد رہی جبکہ مالی سال 2019 کے دوران تصدیق شدہ بیج کی دستیابی 44 فیصد ریکارڈ کی گئی ۔

رپورٹ کے مطابق 2020 میں گندم کے تصدیق شدہ بیج کی طلب 10 لاکھ 75 ہزار 562 میٹرک ٹن تک بڑھ گئی اور دستیابی بھی 5 لاکھ 13 ہزار 487 میٹرک ٹن یعنی 47 فیصد تک بڑھ گئی ۔مزید برآں مالی سال 2021 میں گندم کے تصدیق شدہ بیج کی دستیابی کی شرح 47 فیصد جبکہ 2022 کے دوران 59 فیصد اور 2023 میں گندم کے تصدیق شدہ بیج کی دستیابی 11 لاکھ ایک ہزار 991 میٹرک ٹن کے مقابلہ میں 5 لاکھ 90 ہزار 612 میٹرک ٹن یعنی 46.5 فیصد رہی ہے ۔

اس طرح گزشتہ 8 سال کے دوران گندم کے تصدیق شدہ بیج کی طلب کے مقابلہ میں دستیابی کی شرح 39 فیصد سے 59 فیصد کے درمیان رہی ہے ۔