ملک ڈیفالٹ نہیں ، بہتری کی طرف جا رہا ہے ، دوست ممالک ہمارے ساتھ کھڑے ہیں ، قمر زمان کائرہ

233
Qamar Zaman Kaira

سکھر۔28دسمبر (اے پی پی): وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان ،پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ملک ڈیفالٹ کی طرف نہیں بلکہ بہتری کی طرف جا رہا ہے ، دوست ممالک ہمارے ساتھ کھڑے ہیں ، بلاول بھٹو سعودیہ سے تعلقات بہتر کر رہے ہیں ، مشکل فیصلے کر کے ہم اپنا سیاسی مستقبل محفوظ کر سکتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں ہائی کورٹ بار کے وكلا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مشکل فیصلے کرکے ہم اپنا سیاسی مستقبل محفوظ کرسکتے ہیں۔ توانائی کا بحران ہے تاہم ان سے جلد باہر نکل آئیں گے ۔ شام کے اوقات میں بجلی کی ڈیمانڈ بڑھتی ہے، بجلی کی ڈیمانڈ بڑھتی ہے تو ڈبل یونٹ کے طور پر استعمال ہوتی ہے، ہمیں پاور جنریشن میں اضافہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مارکیٹ کو کنٹرول کرے، بجلی کی بچت کے لئے رات كو مارکیٹس بند کرنا ہوں گی۔ ہم مارکیٹس رات آٹھ بجے بند کرنے کا کہتے ہیں تو کرنے نہیں دیتے۔ قمرزمان کائرہ نے کہا کہ منشیات کی سمگلنگ روکنے کیلئے سخت اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ڈیفالٹ کی طرف نہیں بہتری کی طرف جارہے ہیں، ملک کے ڈیفالٹ کا فائدہ شاید کسی جماعت کو ہو لیکن ملک اور عوام کے لیے اچھا نہیں ہے دوست ممالک ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری سعودی عرب سے تعلقات بہتر کررہے ہیں،عمران خان کی طرح سعودی تحائف فروخت نہیں کررہے۔ ہم نے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہونا چاہا تو انہوں نے ہمیں گالیاں دیں۔ قمرزمان کائرہ نے کہا کہ دہشت گردی دوبارہ ملک میں سر اُٹھا رہی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ دہشتگردی کا مقابلہ کیا ہے اور اب بھی مقابلہ کررہی ہے۔