کوئٹہ۔ 18 دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے،نوجوانوں کو خود اپنا مستقبل بناناپڑے گا جس کے لئے حکومت وقت مواقع اور تربیت کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیلانی ٹرسٹ کے زیر اہتمام حکومت بلوچستان کے تعاون سے گرینڈ آئی ٹی انٹری ٹیسٹ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر وزیر تعلیم بلوچستان راحیلہ حمید درانی، سابق نگران مشیر سوشل ویلفیئر شانیہ خان، سیلانی ٹرسٹ کے امین لاکھانی، احمد رضا، طارق جاوید مینگل، سعید احمد سرپرہ و دیگر بھی موجود تھے۔چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے،نوجوان اپنی زندگی بنائیں، وزیر اعظم شہباز شریف کا خواب ہے کہ پاکستان کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کا مرکز بنائیں، سیلانی ٹرسٹ وزیر اعظم کے خواب کو آگے بڑھا رہا ہے، نوجوانوں کو صرف مواقع کی فراہمی کی ضرورت ہے، بلوچستان کے بچے و بچیاں ہر جگہ بہترین کام کرتے نظر آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم یوتھ پروگرام مختلف شعبوں میں نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، فنی تعلیم، کھیل و دیگر شعبوں میں مواقع فراہم کررہے ہیں تاکہ نو جوان ایک ٹریک کے ذریعے ملک و قوم کا نام روشن کریں، پاکستان کے اندر اور باہر طلبہ کے لئے سکالر شپ و دیگر دروازے کھلے ہیں۔ سینکڑوں بچے بچیاں ایسی ہیں جنہوں نے صفر سے اپنا سفر شروع کیا ہے اور آج 5 ہزار سے 10 ہزار ڈالرز ماہانہ کماتے ہیں۔
صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا یوتھ کے حوالے سے وژن واضح ہے، بلوچستان کے نوجوان کسی سے پیچھے نہیں ہیں، یہاں کےنوجوانوں نے ہر شعبے میں اپنا لوہا منوایا ہے ،وفاقی و صوبائی حکومتوں کے سامنے سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے اس لئے حکومت نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔
سیلانی ٹرسٹ ملک کے مختلف حصوں میں بہترین کام کررہی ہے اور پہلی بار بلوچستان میں سیلانی ٹرسٹ نے نوجوانوں کے لئے بہترین پراجیکٹ شروع کیا ہے ،نوجوان آئی ٹی سیکٹر میں ہنر حاصل کرکے ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔