اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):پیپلز پارٹی کے رکن ڈاکٹر مہیش کمار ملانی نے کہاہے کہ ملک کومعاشی بحران سے نکالنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کواپناکرداراداکرنا چاہئیے۔ اتوار کوقومی اسمبلی میں بجٹ پربحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ یقیناً مشکل بجٹ ہے ہم نے اس بجٹ کو اس لیے قبول کیا ہے کیونکہ سب سے پہلے پاکستان کو ذہن میں رکھنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر 2022 میں عدم اعتماد کی تحریک نہ لائی جاتی تو ملک کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ تھا اس کے بعد پی ڈی ایم کی حکومت قائم ہوئی۔ملک کو مشکل حالات سے نکالنے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت کی حمایت کی۔ساری سیاسی جماعتوں پر لازم ہے کہ وہ مل کر اس ملک کو معاشی بحران سے نکالیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری مفاہمت کے بادشاہ ہیں وہ تمام اداروں کو ساتھ لے کر اور سیاسی جماعتوں کو ملا کر ملک کو مشکل حالات سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ادویات پر ٹیکس نہیں ہونا چاہیے۔بجٹ میں لگژری آئٹمز پر جو ٹیکس لگایا ہے وہ اچھی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ نان فائلرز پر زیادہ ٹیکس لگانے سے بینک ٹرانزیکشنز متاثر ہوں گی اور کیش ٹرانزیکشنز زیادہ ہوں گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=478214