ملک کو آگے بڑھنے کیلئے بزنس کمیونٹی کی ضروریات کا خیال کرنا ہوگا۔چیئرمین سینیٹ کا گورنر ہائوس میں تقریب سے خطاب

111
Chairman Senate
Chairman Senate

لاہور۔2نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کا ملکی ترقی وخوشحالی میں بڑا اہم کردار ہے ۔ ملک کو آگے بڑھنے کیلئے بزنس کمیونٹی کی ضروریات کا خیال کرنا ہوگا۔ تاجر خوشحال ہو گا تو ملک ترقی کرے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گورنر ہائوس میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی )کے دسویں اچیومنٹ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تاجر طبقہ دن رات محنت کرکے ملکی معیشت کو مضبوط کر رہا ہے جس پر حکومت تاجر برادری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے تاجروں کو یقین دلایا کہ سینٹ تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لیے ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کے صدر کو وفاقی وزیر کا درجہ دینے کیلئے ایکٹ میں ترمیم کی جائے گی۔ انہوں نے تاجر برادری پرزور دیا کہ دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ انرجی سیکٹر کیلئے پرائیویٹ شعبہ کو آگے لایا جائے اس سلسلے میں سینٹ میں ایک کمیٹی بنائی جائے گی جس میں فیڈریشن کے نماندوں کو شامل کیا جائے گا ۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، حکومت تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے۔ تیز رفتار ترقی کیلئے معاشی پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے۔ 2013 سے 2018 کے درمیان معاشی حالات بہتر نہیں رہے۔

بجلی کا بحران تھا ،مہنگائی بھی تھی تاہم اب موجودہ حکومت ملکی معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، معیشت سنبھل رہی تھی کہ سیلاب نے تباہی مچادی، سیلاب زدہ علاقوں میں حالات مکمل طور پر قابو میں نہیں آئے۔ گورنر پنجاب نے سیلاب متاثرین کی دل کھول کرمدد کرنے پر تاجر برادری کے جذبہ کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں نے حکومت کے شانہ بشانہ سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کی بحالی اور آبادکاری کے لئے دن رات کوشش کی جس پر وہ انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہنرمند افراد کی حوصلہ افزائی کیلئے سکالر شپ کا جرا کیا جائے۔دسویں اچیومنٹ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عرفان اقبال شیخ ، سابق صدر ایف بی سی سی آئی میاں انجم نثار، سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی سلیمان چاولہ نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے برآمدات بڑھانے،انرجی بحران پر قابو پانے، آئی ٹی سیکٹر کی ترقی، زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

پانی ذخیرہ کرنے کیلئے ڈیم بنائے جائیں اس سے جہاں بجلی سستی ہو گی وہاں زرعی شعبہ بھی خوب ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ معیشت کو ٹھیک کرنے کے لئے تاجروں کو پالیسی سازی میں اعتماد میں لیا جائے۔تقریب کے اختتام پر چیئرمین سینٹ نے مختلف صنعتی و کاروباری شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی کی حامل شخصیات کو اچیومنٹ ایوارڈز دئیے۔