
اسلام آباد ۔ 31 مارچ (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ملک کواندرونی و بیرونی خطرات سمیت بیشتر چیلنجزکا سامنا ہے مگراللہ کے فضل وکرم اور دیانت دار اور مخلص قیادت کی بدولت ہمارا مستقبل روشن اور محفوظ ہے’ ہم نے پاکستان کو ایک ایسا ملک بنانا ہے جس پر ہر پاکستانی فخر کرے’خارجہ پالیسی میں حکومت کوحاصل ہونے والی کامیابیاں عالمی برادری کا پاکستان پر اعتماد کا مظہر ہے۔انہوں نے ان خیالا ت کا اظہار چکوال میں العین ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام ہیلتھ میلے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سمیت علاقے کے عمائدین کی بڑی تعداد موجود تھی جن میں چوہدری سالک حسین ایم این اے، سردار ذوالفقارعلی خان ایم این اے، محترمہ فوزیہ بہرام ایم این اے، صوبائی وزیر حافظ عمار یاسر، سردار آفتاب اکبر ایم پی اے و دیگر موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوے اسد قیصر نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار غربت سے پسے طبقات کے بارے میں کسی حکومت نے سنجیدگی سے نہ صرف سوچنا شروع کیا ہے بلکہ عملی اقدامات کا بھی آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے غربت کے خاتمے کے لیے جامع پروگرام کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ میرا سیاست سے پہلے کا تعلق ہے۔ ہم نے عمران خان کے ساتھ شوکت خانم فنڈ ریزنگ مہم چلائی۔ انہوں نے کہا کہ نادار اور غریبوں کی مدد کرنا اللہ تعالی کو پسند ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ ہم نے اب یہ عہد کرنا ہے کہ ہم نے معاشرے کے محروم طبقات کوبے آسرا نہیں چھوڑنا بلکہ ان کا سہارا بننا ہے تا کہ وہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ سپیکر نے ملک میں محروم طبقوں کا سہارہ بننے اور اْنہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت انسان دوستوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کر رہی ہے۔ ہم نے محروم طبقوں کے لیے ماڈل ولیجز کے لیے کام کی ابتدا کر دی ہے جہاں تعلیم ،خوراک، رہائش جیسے بنیادی حقوق سے محروم طبقوں کو ایک ہی چھت کے نیچے تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قومی اسمبلی میں کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے کے لیے اسپیشل کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں کاشتکاروں کے مسائل حل کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہمارا فرض ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے العین ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام ہیلتھ میلے سے خطاب کرتے ہوئے العین ویلفیئر ٹرسٹ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے کام کی تعریف کی۔