اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لئے قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے، سیاسی اختلافات ضرور رکھیں لیکن ذاتیات سے گریز کریں، تیسری مرتبہ سپیکر کے منصب پر فائز ہونا میرے لئے اعزاز ہے، اس پر اپنے قائدین، پارٹی اور اتحادیوں کا مشکور ہوں۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں حلف اٹھانے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں اس ایوان نے تیسری مرتبہ اس باوقار منصب پر فائز کیا۔
تیسری بار منتخب کرنے پر اپنے قائد نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف، اپنی جماعت مسلم لیگ (ن)، سابق صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری ،ایم کیو ایم، استحکام پاکستان پارٹی اور بلوچستان عوامی پارٹی کا مشکور ہوں۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنے حلقہ کے ووٹرز کے مشکور ہیں جنہوں نے انہیں منتخب کیا۔انہوں نے اپنے حریف سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عامر ڈوگر کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس جمہوری عمل میں حصہ لیا۔انہوں نے کہا کہ سپیکر کا منصب ایک مشکل ذمہ داری ہے، بطور سپیکر قانون قاعدے کے مطابق ایوان کی کارروائی چلانے کی کوشش کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ سیاست میں بننے والی دوستیاں اثاثہ ہوتی ہیں، اختلافات کے باوجود اس ایوان میں تعلق اور احترام برقرار رہے گا۔ انہوں نے سابق سپیکر کی خدمات کو بھی سراہا۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ حکومت اپوزیشن آپس میں اختلافات ضرور کریں، یہ جمہوریت کا حسن ہے لیکن اس میں ذاتیات پر نہیں آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لئے قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے، ملک کو درپیش مسائل پر سیاست کی بجائے قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پریس گیلری کا نمایاں کردار ہے،ایوان کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلانے میں پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کا بھرپور تعاون رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کرنا ہے کہ ہم ذاتی پسند و ناپسند میں الجھتے رہیں گے یا عوام کی امنگوں پر پورا اتریں گے، ہمیں سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اپنے روشن مستقبل کے لئے قربانی دینا ہوگی، اس ایوان میں موجود تمام ارکان باصلاحیت ہیں، ان کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔
سنی اتحاد کونسل کے سپیکر کے امیدوار ملک عامر ڈوگر نے نومنتخب سپیکر سردار ایاز صادق کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم احتجاجاً اس ایوان کا حصہ بنے تاکہ اپنا کردار ادا کر سکیں، 8 فروری کو پاکستان کے عوام نے خاموش انقلاب کا ثبوت دیا، ہمارے تمام ممبران ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے نگران حکومت کی جانب سے بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے 2013 میں بطور سپیکر سردار ایاز صادق کے کردار کو سراہا۔