اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے ملک کو درپیش موجودہ معاشی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے منفرد اور اختراعی سوچ کی ضرورت پر زور دیا ہے، انہوں نے پاکستان کے صاحب حیثیت افراد پر زور دیا کہ وہ پسماندہ طبقے کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں اور سود جیسی سماجی لعنت کو ختم کرنے کے لئے صدقات میں بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالیں۔
جمعہ کو یہاں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) کے زیر اہتمام ایک تقریب میں گفتگو کے دوران ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے ضرورت مند گھرانوں کے لئے سماجی تربیت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ان کے بچوں کو فنی تربیت اور چھوٹے کاروباروں سے منسلک کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
تقریب میں چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمن ایچ آئی (ایم)، ممبر فنانس پی ٹی اے محمد نوید اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے وسائل کی تقسیم کے مسئلے پر توجہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں وسائل کی کوئی کمی نہیں، مسئلہ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی معاشی نظریہ ہمارے مسائل کا حل نہیں ہے۔
ڈاکٹر امجد ثاقب نے پائیدار ترقیاتی اہداف کو اسلامی تعلیمات کے تناظر میں سمجھنے کی ضرورت پر زور دیا۔مزید برآں ڈاکٹر امجد ثاقب نے غریب خاندانوں کی امداد کے لئے ’مواخات‘ کے نفاذ پر زور دیا۔ چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے ضرورت مند افراد کی فلاح و بہبود کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے نہ صرف انفرادی طور پر بلکہ تنظیمی سطح پر بھی غریبوں کی فلاح و بہبود اور معاشرے کی مجموعی بہتری کے لئے پورے خلوص کے ساتھ اپنا حصہ ڈالنے کی خواہش ظاہر کی۔آخر میں ڈاکٹر امجد ثاقب نے چیئرمین پی ٹی اے کو اپنی کتاب بھی پیش کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=418120