ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے تمام تر سیاسی اختلافات کو بھلاملکر کام کرنا ہوگا، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری

168
Bilawal Bhutto Zardari
Bilawal Bhutto Zardari

پشاور۔ 13 دسمبر (اے پی پی):چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے تمام تر سیاسی اختلافات کو بھلاملکر کام کرنا ہوگا ، اگر ہم آپس میں لڑتے رہے تودہشت گرد اس کافائدہ اٹھاتے رہیں گے۔پاکستان میں دہشتگردی ایک بارپھر سراٹھارہی ہے، ہمیں دہشتگردی کا مقابلہ مل کرنا پڑے گا۔کوئی بھی سیاسی جماعت اکیلے اس کا مقابلہ نہیں کر سکتی ، گزشتہ روز ڈی آئی خان میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتا ہوں۔

پشاور ہائیکورٹ بار میں وکلاء کنونشن اور بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختو نخوا کے عوام، پولیس اور جوانوں کی قربانیاں سب سے زیادہ ہیں ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم نے دہشتگردی کا خاتمہ کیا تھا اور دنیا تسلیم کررہی تھی کہ پاکستان نے دہشتگردی کے پر قابو پالیا ہے، لیکن پھر پارلیمان سے پوچھے بغیر سنگین دہشتگردی میں ملوث افراد کو جیل سے نکالا گیا اور جب افغانستان میں حکومت تبدیل ہوئی تو پھر ان لوگوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے یہاں آنے دیا گیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کل کا واقعہ اس کی ایک مثال ہے۔ اس ایک فیصلے نے پاکستان کو 10 سال پیچھے دھکیل دیا ہے جس سے پولیس،فوج اور عوام متاثر ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں 18 ماہ اس ملک کا وزیر خارجہ رہا ہوں، میں نے خود دیکھا ہے کہ پاکستان میں کتنا پوٹینشل موجود ہے۔ تقسیم نفرت اور انا کی سیاست کو دفن کردیا جائے تو یہ ملک ایک مضبوط ملک بنے گا۔اگر ہم دنیا کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں تو غربت، بے

روزگاری، مہنگائی کا مقابلہ کرنا ہوگا ، انہوں نے کہا کہ جب لوگوں کو ان کی محنت کا صلہ ملے گا تو پھر یہ ملک ترقی کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پرائیویٹ سیکٹر کو ساتھ لے کر معاشی مواقع پیدا کریں گے۔ حکومت جب پبلک سیکٹر میں انویسٹمنٹ کرے گی تو پھر ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔ کلائمیٹ چینج ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔ جس کے اثرات سے خیبرپختونخوا سے لے کر سندھ تک سیلاب سے متاثر ہوتا ہے۔ بجلی کے مسائل سے پورا پاکستان گزر رہا ہے۔ اس مسئلے سے نمٹنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے سندھ میں بے نظیر مزدور انکم سپورٹ کارڈ متعارف کروایا۔ سندھ میں 20 لاکھ گھر بنوا رہا ہوں، یہ گھر غریبوں کے لیے ہوں گے۔ پاکستان بھر میں 30 لاکھ خاندانوں کو گھر بنوا کر دیں گے۔ سندھ میں غریب عوام کے لیے پیپلز پارٹی نے ہر پلیٹ فارم پر سہولیات فراہم کی ہیں۔ سڑکوں پر اور کچی آبادی میں رہنے والے لوگ بھی اب اپنے گھر کے مالک بن گئے ہیں۔ غریب عوام کو کاروبار میں بھی مدد فراہم کی جارہی ہے تاکہ ان کو مستقبل میں مشکلات کاسامنا نہ ہو۔ اسپتالوں میں امراض قلب سمیت دیگر طبی سہولیات عوام کو فراہم کر رہے ہیں۔