ساہیوال۔ 21 مارچ (اے پی پی):کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے عوام پر زور دیا ہے کہ ملک کو سرسبزبنانے اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے اپنے حصے کا پودا ضرورلگائیں۔ ایک ذمہ دار شہری کا فرض ہے کہ وہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے اور درخت لگانا سب سے آسان ذمہ داری ہے۔ درخت نہ صرف انسانی بقاء میں اہم کردار کے حامل ہیں بلکہ یہ ملک کی اقتصادی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے یہ بات ’پلانٹ فار پاکستان‘ ڈے کی مناسبت سے گورنمنٹ گریجویٹ کالج میں پودے لگانے اور پی ایچ اے آفس میں عوام کو پودے تقسیم کرنے کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر پی ایچ اے نیاز احمد مغل، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، اے سی جنرل رائے فیصل عمران، پرنسپل پروفیسر ممتاز احمد، اساتذ ہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے کالج میں اساتذہ اور طلبہ و طالبات کے ہمراہ ’السٹونیا‘کا پودا لگایا۔ انہوں نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنے لگائے گئے پودوں کی خود حفاظت بھی کریں تاکہ جب یہ پودے درخت بن جائیں تو انہیں گرین پاکستان مہم میں اپنا حصہ ڈالنے پر فخر محسوس ہو۔ انہوں نے ڈویژن کے سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں اور صحت مراکز پر زیادہ سے زیادہ پودے لگانے اور ان کی حفاظت کی بھی ہدایت کی۔
بعدازاں انہوں نے پی ایچ اے آفس میں عام شہریوں کو پودے تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارکوں کی تزئین و آرائش اور شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لئے پی ایچ اے کی کاوشوں کو سراہا اور ہدایت کی کہ موسم بہار کی شجرکاری کے موقع پر گرین بیلٹس میں ایسے پودے لگائے جائیں جن سے ماحول بہتر ہو اور آلودگی میں کمی آئے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے کر اپنا قومی فریضہ ضرور پورا کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575090