اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو سرحدوں پر دواطراف سے مستقل چیلنجز کا سامنا ہے، وطن عزیز کو سیاسی استحکام کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے شاید کبھی نہ تھی،ملکی سیاست کو قومی ترقی و سلامتی سے مشروط ہونا چاہئے اور استحکام پاکستان پارٹی اس ضمن میں اپنی ذمہ داریوں سے ہر لحاظ سے عہدہ برآ ہوتی رہے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں سینئر رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی کو پنجاب بھر میں متحرک کرنے جا رہے ہیں اور پہلے مرحلے میں پارٹی ورکرز کے کنونشن کا آغاز جنوبی پنجاب سے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ4مئی کو لیہ اور 11مئی کو فیصل آباد میں آئی پی پی ورکرز کنونشن منعقد ہوں گے جن میں پارٹی تنظیم کو اپنی کارکردگی کے اظہار کا بھرپور موقع ملے گا۔
صدراستحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان سے پنجاب کے صدر رانا نذیر احمد خان،جنرل سیکرٹری و ایم پی اے شعیب صدیقی، جنوبی پنجاب کے صدر رفاقت علی گیلانی، جنرل سیکرٹری تحسین نواز گردیزی، استحکام پاکستان پارٹی لاہور کے صدر ملک زمان نصیب، جنرل سیکرٹری رانا جاوید اقبال اور سینئر رہنما چوہدری نوریز شکور نے ملاقاتیں کیں۔
پارٹی رہنماؤں نے وسطی پنجاب اور جنوبی پنجاب میں پارٹی کی رکنیت سازی مہم اور دیگر سیاسی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہر ضلع میں تحصیل کی سطح پر استحکام پاکستان پارٹی کو متحرک کیا جا رہا ہے اور انشاء اللہ مئی میں ہونے والے ورکرز کنونشن پارٹی کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہوں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586637