ٹھٹہ۔3دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے گھارو کے قریب کوسٹل ہائی وے کیٹی بندر کا دورہ کیا۔صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز وجیل خانہ جات علی حسن زرداری، صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ، ایم این اے صادق علی میمن بھی ان کے ہمراہ تھے، اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم کوشش کررہے ہیں کہ پاکستان کے تمام پسماندہ علاقوں کو مستحکم کیا جائے ،سیاست کے ساتھ ملک کو سیاسی یکجہتی کی بھی ضرورت ہے،پیپلز پارٹی اور دیگر اتحادی جماعتیں اس جذبہ کے ساتھ کام کررہی ہیں کہ ملک کو مضبوط معیشت دی جاسکے ،
اسلام آباد کی سٹاک مارکیٹ اوپر آچکی ہے ، پاکستان کو خلفشار کی سیاست کی نظر نہیں ہونے دیں گے، ہمیں محبت کی ضرورت ہے ،24 نومبر کے دھرنے کے بعد اب کسی کہ جرأت نہیں ہوگی کہ وہ اس طرح کا کھیل کھیلے ۔ انہوں نے کہا کہ میں سندھ کے وزراء کے ساتھ کوسٹل ہائی وے کا دورہ کرنے آیا ہوں ، یہ منصوبہ حکومت سندھ نے شروع کیا ،وفاقی حکومت اس میں 37 کلومیٹر کا اپنا حصہ ڈالے گی۔ انہوں نے کہا کہ سمندر سے ساحلی علاقے متاثر ہوئے ،ہم مزید زمین کو سمندر برد ہونے نہیں دیں گے جسے روکنے کے لئے یہ منصوبہ شروع کیا گیا ہے ،شاہراہ کی تعمیر سے اس علاقے میں فشریز کے ساتھ ساتھ سیاحت کو بھی فروغ ملے گا ،
کمرشل ایکٹویٹی بڑھے گی ،بیروزگاری میں کمی اور ملحقہ علاقوں میں خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ 20 پسماندہ اضلاع کی فلاح و بہبود اور ترقی کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے ،دنیا میں آگے بڑھنا ہے تو ابھی سے تعلیم اور صحت پر توجہ دینا ہوگی ، اصلاحات کی ضرورت ہے تاکہ ہمارا ملک جو دنیا کے دیگر ملکوں کے برابر آسکے،وفاقی وزیر نے کہا کہ 2018 سے 2022تک ملک کی ترقی کا تاریک دور تھا ،چار سالوں میں وہ ہمارے چھوڑے گئے منصوبے سمجھ نہیں سکے مگر ہم نے ان پر کام شروع کردیا ہے
اور کراچی حیدرآباد موٹر وے منصوبہ پر بھی کام شروع کردیا ہے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ٹھٹہ منور عباس سومرو،ایس ایس پی ٹھٹہ ڈاکٹر عمران ،چیئرمین ضلع کونسل ٹھٹہ عبدالحمید پنہور ودیگر افسران بھی موجود تھے۔