ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششوں کی روک تھام کے لیے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے،مولانا محمد حنیف جالندھری

416
ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششوں کی روک تھام کے لیے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے،مولانا محمد حنیف جالندھری

اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):نامور عالم دین ، سیکرٹری جنرل وفاق المدارس العربیہ پاکستان و چیئرمین پنجاب قرآن بورڈ مولانا محمد حنیف جالندھری نے موجودہ ملکی صورتحال میں قومی کانفرنس بلانے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششوں کی روک تھام کے لیے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے، افواج پاکستان کے خلاف مہم دشمن کا ایجنڈا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس وقت وطنِ عزیز پاکستان کسی قسم کے انتشار و فسادکا متحمل نہیں ہو سکتا،انہوں نے سیاسی جماعتوں کے قائدین سے اپیل کی کہ وہ دانشمندی کا مظاہرہ کریں اور قومی سلامتی و ریاستی مفادات کو مقدم رکھیں،مولانا جالندھری نے کہا کہ پاک فوج ملک کا آخری حصار ہے اس کو کمزور کرنا اور عوام اور فوج کے مابین عدم اعتماد کی فضا پیدا کرنا دشمن کا ایجنڈا ہے،

انہوں نے کہا کہ کسی تحقیق اور قانونی تقاضے پورے کیے بغیر پاک فوج پر الزام تراشی اور حاضر سروس افسران کو ہدف بنانا پاکستانی تاریخ کا افسوس ناک واقعہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے یہ دشمن کا کام آسان کرنے کے مترادف ہے۔مولانا جالندھری نے تجویز پیش کی کہ اس وقت فوری طور پر قومی کانفرنس بلائی جائے جس میں سیاست دانوں،

قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ ساتھ علماء کرام اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کو مدعو کیا جائے اور وطن عزیز کی بقا،امن وامان اور استحکام کے لیے میثاقِ سالمیت کا اعلان کیا جائے اور جملہ مسائل اور سیاسی و قومی سرگرمیوں کے لیے کوئی ضابطہ اخلاق طے کیا جائے ۔