ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کےلئے دن رات کام کررہے ہیں، وفاقی وزیر توانائی

184
Federal Minister of Energy

ڈیرہ غازی خان۔ 18 جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن )کی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کےلئے کام کرتی ہے،ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کےلئے دن رات کام کررہے ہیں، ملک کے دور افتادہ علاقوں میں بجلی فراہم کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقہ سخی سرور کے رہائشیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی سردار احمد خان لغاری،مسلم لیگی رہنما و سابق چیئرمین چیف کھلنگ حاجی ملک ارشاد حسین،میر مرزا تالپور اور دیگر رہنما بھی موجودتھے۔

سردار اویس لغاری نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے ،عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سستی بجلی فراہم کی جائے اور عوامی مسائل فوری حل کئے جائیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی نے سخی سرور کا معائنہ کرتے ہوئے ستھرا پنجاب مہم کے حوالے سے صفائی سمیت دیگر امور کاجائزہ لیتے ہوئے کہا کہ علاقے میں صفائی کا انتظام بہتر نہیں ہے انتظامیہ فوری اس مسئلے پر توجہ دے۔انہوں نے سول ہسپتال سخی سرور کا بھی دورہ کیا،مریضوں کی تیمارداری کی اور دی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔

وفاقی وزیر نے سٹاف کی کمی، مناسب سہولیات اور مشینیں فعال نہ ہونے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں ڈاکٹرز کی تعداد انتہائی کم ہے ان میں فوری اضافہ ناگزیر ہے تاکہ یہاں کے شہریوں کو مناسب طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔قبل ازیں سردار اویس احمد خان سخی سرور پہنچے تو اہل علاقہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان مسلم لیگ (ن) اور سردار اویس احمد لغاری زندہ باد کے نعرے لگائے۔