ملک کو چند مفاد پرست سیاسی قوتیں عدم استحکام کا شکار کرنے پر تُلی ہوئی ہیں، پیرنورالحق قادری

38
وفاقی وزیر مذہبی امور نے اماراتی سفیر کے ہمراہ قائد اعظم یونیورسٹی میں مسجد کا افتتاح کر دیا

پشاور۔17جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور پیرنورالحق قادری نے کہا ہے کہ ملک کو چند مفاد پرست سیاسی قوتیں عدم استحکام کا شکار کرنے پر تُلی ہوئی ہیں ۔پاکستان خطے میں تمام اقلیتوں کے تحفظ کیلئے مثالی ملک ہے۔ وہ اتوار کو یہاں بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔تقریب میں تمام مذاہب کے نمائندہ وفود نے شرکت کی۔ بشپ پشاور ہمفری سرفراز پیٹر نے خصوصی طور پر کانفرنس میں شرکت کی۔ ڈاکٹر پیر محمد نورالحق قادری نے کہا کہ اسلام دین امن وسلامتی ہے۔دہشت گردی اور انتہا پسندی کا تصور اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے۔ اسلام نے تمام انسانوں کی احترام کا جذبہ سکھایا ہے۔پیغمبر امن ورحمت نے اپنے عہد میں اسلامی فلاحی ریاست مدینہ میں تمام اقلیتوں کو اُنکے حقوق کی ضمانت دی تھی ۔ اسلئے ہمارا بھی فرض ہے کہ ہم اقلیتوں کو اُنکے حقوق اور احترام دیں بحیثیت پاکستانی شہری تمام اقلیتیں ملک کے قوانین اور اسلامی اقدار کی پاسداری کرتے ہوئے جوپُر امن زندگی بسر کررہی ہے ہمارا فرض ہے کہ ہم اُنکے حقوق کی پاسداری کریں ۔ ڈاکٹر پیر محمد نورالحق قادری نے کہا کہ پاکستان کو لوٹنے والے افراد ، ادارے اور سیاسی جماعتیں کسی رعایت کی مستحق نہیں ہیں۔ مجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ہمارے محترم مولانا فضل الرحمٰن صاحب ملک کو لوٹنے والی سیاسی جماعتوں کے پشت پر کھڑے ہوگئے ہیں اور انہیں تحفظ دینے کیلئے میدان عمل میں ہے جوکہ کسی طور پر بھی نہ اُنکی مذہبی پارٹی کا منشور ہے اور نہ قوم کی دئیے ہوئے منڈیٹ کا تقاضا ہے۔ بلکہ بحیثیت مذہبی جماعت کے رہنما کے وہ قوم کی مینڈیٹ اور اپنی جماعت کے منشور کا انحراف کررہے ہیں۔ ڈاکٹر پیر محمد نورالحق قادری نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہماری وزیر اعظم عمران خان نے OICاور UNکی پلیٹ فارم پر اسلام اور پاکستان کا مقدمہ جس جرات اور بہادری سے لڑا ہے اور اسلامک فوبیاکا جس دلیل سے مقابلہ کیا ہے یہ پوری اسلامی دُنیا کیلئے ایک اعزاز کی بات ہے ۔ انشاءاللہ ہماری حکومت تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کی رہنمائی کیساتھ ، ریاست مدینہ کو رولز ماڈل بناکر پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بناکر اسے پوری دُنیا کیلئے ایک مثال بنائے گی۔ تقریب سے اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق چیئرمین ڈاکٹر پروفیسر قبلہ آیاز ، بشپ پشاور ہمفری سرفراز پیٹر ، علامہ مولانا محمد طیب قریشی ، علامہ عابد حسین شاکری، مقصود احمد سلفی، ڈاکٹر شمس الرحمان شمس ، پروفیسر عبدالرحمان اور اشتیاق احمد نے بھی خطاب کیا۔