ملک کی بقاء تمام قومی اداروں کی طے شدہ آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کرنے میں ہے، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف

59
خواجہ محمد آصف نے کشمیر، فلسطین اور دہشت گردی کا مسئلہ عالمی فورم پر کھل کر اٹھانے پر وزیراعظم کی تعریف
خواجہ محمد آصف نے کشمیر، فلسطین اور دہشت گردی کا مسئلہ عالمی فورم پر کھل کر اٹھانے پر وزیراعظم کی تعریف

اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ملک کی بقاء تمام قومی اداروں کی طے شدہ آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کرنے میں ہے، موجودہ حکومت پاکستان تحریک انصاف کے عوامی اجتماعات کے دبائو میں نہیں آئے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کچھ دن پہلے امریکیوں اور اپوزیشن رہنمائوں کے درمیان ملاقاتوں کے حوالے سے تنقید کر رہے تھے لیکن اب وہ خود امریکیوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان الزام لگا رہے ہیں کہ ان کی حکومت کے خلاف امریکیوں نے سازش کی تو اب ان سے ملاقاتیں کیوں کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل آئی ایم ایف سے مذاکرات کریں گے اور ان مذاکرات سے قومی معیشت پر مثبت اثر پڑے گا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ملک کی بقا اسی میں ہے کہ تمام قومی ادارے طے شدہ آئینی پیرامیٹرز کے تحت اپنے فرائض سرانجام دیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف مناسب وقت پر وطن واپس آئیں گے لیکن پارٹی نے ابھی اس معاملے پر بات نہیں کی۔