ملک کی بقاء کی خاطر بلا تفریق سب کا احتساب ہونا چاہئے،2023کے الیکشن سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے،میاں جاوید لطیف

109

لاہور۔1مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ سہولت کا ر عمران خان کو دوبارہ اقتدار میں لانے کی کوشش کررہے ہیں،وقت آگیا ہے کہ اب عوام کے سامنے پورا سچ بولا جائے،ملک کی بقا کی خاطر بلا تفریق سب کا احتساب ہونا چاہئے،2023کے الیکشن سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے اور نہ ہی محمد نواز شریف کو الیکشن سے باہر رکھنے کی سازش کامیاب ہو گی ،ہمیں پارلیمنٹ کے ساتھ کھڑا ہوکر اسے مزید مضبوط کرنا ہوگا۔ملک کے خلاف سازش کرنے والوں کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوتے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اب حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ سیاست دانون اوراداروں میں بیٹھے افراد کو سچ بولنا پڑے گا تاکہ عوام کو سب کچھ معلوم ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ جب ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں کے درمیان میثاق جمہوریت طے پایا تو کچھ طاقتور حلقوں کو یہ اچھا نہیں لگا اور انہوں نے پراجیکٹ عمران خان لانچ کیا اور ان کی پلاننگ آئندہ 10سے 15سال کی تھی۔انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ کے حوالے سے بلوچستان میں وکلاء کنونشن کے دوران امان اللہ کنرانی اور جسٹس ریٹائرڈ شوکت صدیقی ہوش ربا انکشافات کرچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سازش کو تیار کرنے والوں کو اب قوم کے سامنے پورا سچ بولنا چاہئے اور وقت نے یہ ثابت کردیا ہے کہ پراجیکٹ عمران خان کو لانے والوں کے مفادات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ آج کچے کے علاقے میں جب آپریشن ہوتا ہے وہ کامیاب ہوتا ہے جبکہ زمان پارک میں ہونے والے آپریشن ناکام کیوں ہوتے ہیں۔جاوید لطیف نے کہا کہ عمران خان کی اب بھی سہولت کاری کی جارہی ہے اور انہیں دوبارہ اقتدار میں لانے کی سازش کی جارہی ہے کیوں کہ محمد نواز شریف کے آنے سے ان کے مفادات عدم تحفظ کا شکار ہوجائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف اس قوم کا محسن ہے اس نے ملک کو ترقی کا راہ پر گامزن کرنے کیلئے سی پیک جیسا منصوبہ شروع کیا ،مثاق جمہوریت ہوئی ریکارڈ صنعتی ترقی ہونے کے ساتھ دہشت گردی پر بھی قابو پایا گیااور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آج قانون کی بالادستی کی بات کرنے والے اس وقت کیوں خاموش تھے جب محمد نواز شریف کو سازش کے تحت تاحیات نااہل کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ہم سے جو غلطیاں ہوئیں ہم انہیں قبول کرتے ہیں اب ملک کے خلاف سازش کرنے والوں کو بھی اپنی غلطیاں قبول کرنا ہوں گی اور جن جن لوگوں نے ملک کےخلاف سازش کی انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو یہ بھی بتایا جائے ملک میں انتشا رپھیلانے والے کے ساتھ مذاکرات کس کی خواہش پر ہورہے ہیں، جب بھی مذاکرات فرمائش پر ہونگے تووہ بے نتیجہ ثابت ہوں گے۔میاں جاوید لطیف نے کہا کہ نواز شریف کو باہر رکھ کر الیکشن کروانے کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور2023کا الیکشن محمد نواز شریف کے بغیر نہیں ہوگاکیونکہ یہاں پر ایک شخص کو لاڈلا بنایا گیا ہے اور ہمارے قائد کے ساتھ ناانصافی کی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں اعلیٰ عدلیہ کی طرف سے سوموٹو لیا گیا اب ہم امید کرتے ہیں پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے ٹکٹوں کی خرید و فروخت کی جو آڈیو لیک سامنے آرہی ہیں اس پر بھی سوموٹو ایکشن لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی مسائل کا شکار ہے ہماری حکومت ملک کو اس بحران سے نکالنے کیلئے دن رات کوشش کررہی ہے،ہمیں پارلیمنٹ کے ساتھ کھڑا ہوکر اسے مزید مضبوط کرنا ہوگا کیونکہ پارلیمان کی کوکھ سے ہی آئین جنم لیتا ہے جب آئین کو بنانے والے پارلیمان کوبے توقیر کرتے رہیں گے تو آئین کی کسی شک پر عمل درآمد نہیں ہو پائے گا۔