ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہم سب کو مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی اشد ضرورت ہے، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا یوم پاکستان پر پیغام

52

اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 23 مارچ تاریخی اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل دن ہے جب ہمارے آباؤ اجداد نے قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی زیر قیادت اپنی تقدیر بدلنے کا فیصلہ کیا اور ایک علیحدہ ریاست کے قیام کیلئے لائحہ عمل اختیار کیا۔

منگل کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ آج ہی کے دِن لاہور میں قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں وہ تاریخ ساز قرار داد منظور کی گئی تھی جو بعد میں قرار داد پاکستان کے نام سے مشہور ہوئی۔ اِس قراراداد نے منزل کا واضح شعور دیا اور صرف 7سال کے اندر پاکستان معرضِ وجود میں آگیا۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ہمیں اس دن کی اہمیت کو حقیقی معنوں میں سمجھنے کی ضرورت ہے۔

ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہم سب کو مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان امن پسند اور محبت کرنے والا ملک ہے۔مگر کسی نے ہماری خود مختاری اور علاقائی سلامتی کو چیلنج کیا تو اس کا بھر پور جواب دینے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے نہ صرف ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ہوا ہے بلکہ عالمی سطح پر دہشت گردی اور امن دشمنوں کے خلاف کارروائیوں میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

افواج پاکستان کا شمار دنیا کی بہترین اور نڈر افواج میں ہوتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قائدا عظم محمد علی جناحؒ کے افکار اور رہنما اصولوں پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کے تمام مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے اور ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے ہم سب کو سیاسی وابستگیوں سے بالا ترہو کر اقدامات اٹھانا ہونگے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہمیں ماضی پر نظر ڈالتے ہوئے اپنے حال اور مستقبل کی صورت گری کے لیے غور و فکر کرتے ہوئے اپنی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ کوتاہیوں کا بھی جائزہ لینا ہوگا۔ پاکستان جمہوری جدو جہد کے ذریعے معرضِ وجود میں آیا۔ اس کی بقاء، سلامتی، یکجہتی، ترقی وخوشحالی کیلئے مل کر لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے۔

آیئے ہم پختہ عہد کریں کہ وطن عزیز کی مضبوطی اور سربلندی کے لیے ہم ایک زندہ اور پر عزم قوم کے طو رپر علامہ محمد اقبالؒ او ر قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے افکار کو مشعلِ راہ بنائیں۔اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔