اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):قومی کمیشن برائے وقار نسواں (این سی ایس ڈبلیو ) کی چیئرپرسن ام لیلیٰ اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی پر این سی ایس ڈبلیو ان بہادر، باحوصلہ اور قائدانہ صلاحیتوں کی حامل خواتین کو سلام پیش کرتا ہے جنہوں نے آزادی کی جدوجہد سے لے کر آج تک ملک کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ انھوں نے یہ بات یوم آزادی 2025ء پر جاری پیغام میں کہی۔ام لیلیٰ اظہر نے کہا کہ پاکستانی خواتین نے قیام پاکستان کے وقت ہجرت، قربانی اور خدمت کی مثالیں قائم کیں اور آج بھی سیاست، معیشت، تعلیم، سائنس، دفاع اور فنون میں ملک کا نام روشن کر رہی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اس موقع پر این سی ایس ڈبلیو نے ملک گیر مہم "ایک بیٹی، ایک شجر” کا آغاز کیا ہے جس میں ہر والد اپنی بیٹی کی نسبت سے ایک پودا لگائے گا، یہ اقدام صنفی فخر، ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کی علامت ہے۔چیئرپرسن نے مطالبہ کیا کہ خواتین کی قیادت اور فیصلہ سازی میں شمولیت بڑھائی جائے تاکہ وہ ہر شعبے میں برابری کے ساتھ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں، ہماری خواتین ہماری آزادی کی اصل روح ہیں، آئیے عہد کریں کہ ہر لڑکی اور عورت کو تحفظ، آگے بڑھنے کے مواقع اور عزت کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہونے کو یقینی بنانے میں ہم کردار ادا کریں گے۔