ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے 23 مارچ 1940 والی یکجہتی اور جذبہ بیدار کرنے کی ضرورت ہے، سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کے یوم پاکستان کے موقع پر پیغامات 

77
ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے 23 مارچ 1940 والی یکجہتی اور جذبہ بیدار کرنے کی ضرورت ہے، سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کے یوم پاکستان کے موقع پر پیغامات

اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ اس وقت ملک ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے جس سے نمٹنے کے لیے 23 مارچ 1940 والے جذبے اور یکجہتی پیدا کرنے کی ضرورت ہے، 23 مارچ 1940 والا جذبہ بیدار کر کے ہم ملک کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہو سکتے ہیں۔

ان خیلات کا اظہار انہوں نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کیا جو ہر سال 23 مارچ کو پورے ملک میں انتہائی جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔

سپیکر نے کہا کہ 23 مارچ کا دن ہمیں اس قرارداد کی یا دلاتا ہے جس کی بنیاد پر برِصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ وطن حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان میں حصہ لینے والے مسلمانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ مسلمانوں کا جذبہ صادق ہی تھا جس کی وجہ سے 23 مارچ 1940 کو لاہور میں منظور ہونے والی قرارداد کو قرارداد پاکستان کا نام دیا گیا اور 7 سال کے قلیل عرصے میں ایک علیحدہ وطن معرض وجود میں آیا۔ سپیکر نے کہا کہ آج اس تجدید عہد کا دن ہے کہ جب بھی ملک پر کڑا وقت آئے تو ہم کبھی اپنے جانیں دینے سے دریغ نہیں کرینگے۔

انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے آپس کے اختلافات کو بھلا کر ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ 23 مارچ کا دن ہمیں اس جدوجہد کی یاد دلاتا ہے جس کے تحت آج ہم ایک آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حصول کے لیے دی گئی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جاے گا۔