لاہور۔14نومبر (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر سینیٹر اعجازاحمدچوہدری نے کہا ہے کہ ملک کی سب سے بڑی بیمار ی نواز اور زرداری ہیں، اپنی دونمبری کو چھپانے کے لئے کرپٹ اپوزیشن ٹولہ جھوٹ بول کر پاکستانی عوام کو بے قوف نہیں بنا سکتا، موجودہ کرپٹ اور موقع پرست اپوزیشن جماعتوں نے قوم کا قیمتی وقت ضائع کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کینال ویو پارٹی سیکرٹریٹ میںشمالی وجنوبی لاہور اور ٹائونز کی گورننگ باڈیز کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے منعقدہ تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سنٹرل پنجاب الیکشن ٹیم کے سربراہ میجر (ر)ظفراللہ چٹھہ نے پارٹی عہدیداران کو بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جبکہ عہدیداران نے اپنی اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔
سینیٹر اعجاز چوہدری نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لئے اپوزیشن جماعتوں کے پاس کوئی منصوبہ نہیں، اپوزیشن جماعتوں نے کئی دہائیوں تک اقتدار کے مزے لوٹنے کے ساتھ ساتھ ملکی وسائل کو بے دردی سے لوٹا۔انہوں نے کہا کہ ساری اپوزیشن کا ٹولہ مل کر بھی وزیراعظم عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتا، ملک کی تباہی اور بربادی کے ذمہ دارنوازشریف اور آصف زرداری ہیں۔
اعجازچوہدری کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، پارٹی تنظیمیں نچلی سطح پر کارکنوں کو متحرک کریں، تحریک انصاف عوامی مسائل کے حل تک چین سے نہیں بیٹھے گی، کرپٹ اپوزیشن کا یتیم ٹولہ روتا دھوتا رہے گا، پی ٹی آئی کی حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے گی اور اپوزیشن کے سازشی اور فسادی ٹولے کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے انشا اللہ اپنی آئینی مدت بھی پوری کرے گی اور آئندہ عام انتخابات میں دوبارہ بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔
تنظیمی اجلاس میں سینیٹرل پنجاب کے جنرل سیکرٹری علی امتیاز وڑائچ، میجر (ر)ظفراللہ چٹھہ، ڈاکٹر مصباح ظفر، عامر مجید، زریں رحمان، صدر شمالی لاہور غلام محی الدین دیوان، جنرل سیکرٹری مہرواجد عظیم، جنرل سیکرٹری جنوبی لاہور میا ں اکرم عثمان، حاجی فیاض، ملک مقصود، جاوید ضمیر، راجہ شہزاد، رانا جاوید عمر، ملک مبشر لال، ملک آصف بھنڈر رانا عارف مشتاق، جاوید اکرام ٹونی، میاں علی رشید، وقاص اسلم، عامر خلیل، طاہر رشید، ملیحہ حسین، ڈاکٹر انیسہ فاطمہ، آمنہ عامر سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔