ملک کی فوڈ سیکیورٹی کے لئے ضروری ہے کہ زرعی پیداوار میں اضافہ کیا جائے ،کمشنر ساہیوال ڈویژن

71
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع) سیالکوٹ كا تحصیل سمبڑیال کے گائوں گگڑ یونین کونسل کلووال کا دورہ
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع) سیالکوٹ كا تحصیل سمبڑیال کے گائوں گگڑ یونین کونسل کلووال کا دورہ

ساہیوال۔ 27 جنوری (اے پی پی):کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ ملک کی فوڈ سیکیورٹی کے لئے ضروری ہے کہ زرعی پیداوار میں اضافہ کیا جائے اور اس کے لئے جدید طریقہ کاشتکاری کے ساتھ ساتھ کسانوں کو مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن کے لئے آگاہی بھی دیں۔ آلو پاکستان کی ایک بڑی فصل ہے جو برآمد کر کے اربوں روپے زرمبادلہ حاصل کیا جا رہا ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ محکمہ زراعت زرعی یونیورسٹی اور تحقیقاتی اداروں کے تعاون سے آلو کے کاشتکاروں کو وقت کے ساتھ ساتھ ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر رہنمائی بھی فراہم کریں۔ انہوں نے یہ بات پوٹیٹو ریسرچ انسٹیٹیوٹ ساہیوال کے زیر اہتمام آلو کے کاشتکاروں کی رہنمائی کے لئے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کے لئے فارمر ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن نے تعاون کیا تھا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ریسرچ محکمہ زراعت ڈاکٹر محمد اختر، ڈائریکٹر پوٹیٹو ریسرچ انسٹیٹیوٹ ساہیوال ڈاکٹر سید اعجاز الحسن، ڈائریکٹر زراعت ساہیوال شہباز اختر، ڈائریکٹر ایگریکلچر انفارمیشن پنجاب نوید عصمت کاہلوں، چیئرمین پوٹیٹو ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ مقصود احمد جٹ اور صدر چیمبر آف ایگریکلچر شوکت چدھڑ سمیت زرعی یونیورسٹی اوکاڑہ کیمپس کے طلبہ و طالبات اور ڈویژن بھر سے آلو کے کاشتکاروں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کمشنر شعیب اقبال سید نے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ ساہیوال میں آلو سے متعلقہ پراڈکٹس تیار کرنے کی صنعتیں قائم کریں تاکہ آلو اور ان سے تیار کردہ مصنوعات کی برآمدمیں اضافہ کیا جا سکے جس کے لئے ساہیوال میں انڈسٹریل سٹیٹ قائم کرنے کے لئے بھرپور تعاون کا بھی یقین دلایا۔