اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ خواتین اور لڑکیوں کی تعلیم کے لیے بنیادی سہولیات کی فراہمی سے انہیں بہتر سماجی و اقتصادی مواقع میسر آئیں گے، خواتین ملک کی نصف سے زیادہ آبادی ہیں اور ان کی سماجی و اقتصادی شعبے میں شمولیت کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا، خواتین کو زیور تعلیم سے آراستہ کرکے ان کو معاشرے کے لئے زیادہ کار آمد بنایا جاسکتاہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ ڈگری کالج برائے خواتین منگھوٹ گوجر خان کی طالبات اور فیکلٹی ممبران کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین منگھوٹ کی طالبات کی آمدورفت کے لیے ایک بس اور دو ہائی ایس کی فراہمی کے اپنے وعدے کو پورا کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عوامی نمائندے ہونے کے ناطے پارلیمنٹرینز کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو درپیش مسائل کو حل کریں۔
انہوں نے مزید کہاکہ گوجر خان کے لوگوں کو درپیش مسائل کو حل کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹرانسپورٹ کی سہولت سے دور دراز علاقوں کی طالبات اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بیٹیوں کو تعلیم اور صحت کے معاملات میں درپیش مسائل کو حل کرنےمیں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
پرنسپل گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین منگھوٹ، گوجر خان سمیعہ نشاط نے طلبہ اور فیکلٹی ممبران کے لیے ایک بس اور دو ہائی ایس کی فراہمی پر سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ گوجر خان کی لڑکیوں اور خواتین کے مستقبل کو بدلنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور ان کے روشن مستقبل کو یقینی بنائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹ کی سہولت کی فراہمی سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی گوجر خان کے لوگوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے ان کی لگن اور عزم کی نشاندہی کرتی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=389745