ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں جمعرات سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگا ، متعلقہ اداروں کوا لرٹ رہنے کی ہدایت

208
ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں جمعرات سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگا ، متعلقہ اداروں کوا لرٹ رہنے کی ہدایت

اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی): ملک میں مغربی ہوائیں داخل ہونے کے باعث بالائی اور وسطی علاقوں میں (آج) جمعرات سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگا جو 5 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش جبکہ چند مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، علاوہ ازیں پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 26 اپریل (شام/رات) سے مغربی ہوائیں پاکستان میں داخل ہوں گی جو ملک کے وسطی اور جنوبی حصوں میں پھیل جائیں گی، بارش کا سبب بننے والی ان ہواؤں کا اثر مئی کے پہلے ہفتے تک ان علاقوں برقرار رہ سکتا ہے جس کے باعث 26 (شام/رات) سے 29 اپریل تک کشمیر (وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر، میرپور)، گلگت بلتستان (دیامیر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچے، شگر)، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ،

صوابی، مردان، باجوڑ، کرم، وزیرستان، کوہاٹ، اسلام آباد، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور لاہور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح 27 اپریل (شام/رات) سے03 مئی کے دوران بلوچستان (کوئٹہ، ژوب، بارکھان، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن، پشین، نوشکی، نصیر آباد، سبی، خضدار، قلات، لسبیلہ، آواران، خاران اور ساحل مکران ) ،

جنوبی پنجاب (ملتان، ڈی جی خان، بہاولنگر اور ساہیوال) ، سندھ (سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو، شہید بینظیر آباد، حیدرآباد، کراچی، ٹھٹھہ، بدین، میرپورخاص، سانگھڑ، خیرپور، عمرکوٹ، تھرپارکر، مٹیاری، ٹنڈوجام) اور جامشورو میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔ 30 اپریل سے 5 مئی کے دوران کشمیر (وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھانوتی، کوٹلی، بھمبر، میرپور)، گلگت بلتستان (دیامیر، استور، غذر،اسکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچے، شگر)،

پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، باجوڑ، کرم، وزیرستان، کوہاٹ، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، بونیر، کوہستان، شانگلہ ہری پور، ایبٹ آباد، اسلام آباد، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، خوشاب، میانوالی، سرگودھا، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔

تیز ہواؤں/ ژالہ باری کے باعث کھڑی فصلوں(بالخصوس گندم) اور کمزور انفرسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔کسان حضرات کو مشورہ دیا گیا ہے کہ موسمیاتی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوےُ اپنے معاملات ترتیب دیں۔

موسلا دھار بارشوں سے مانسہرہ، ایبٹ آباد، چترال ، دیر، سوات، کوہستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں یکم سے 4 مئی اور بلوچستان کے کچھ حصوں اور ڈی جی خان کے پہاڑی علاقوں میں 28 اپریل سے 2 مئی تک مقای ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔اس دوران بالائی خیبرپختونخوا ، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات میں لینڈسلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ بارشوں اور ژالہ باری کے نتیجے میں دن کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔ دریں اثنا بارش کے دوران سیاحوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو اس دوران موسمی حالات کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔