ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں 15 اپریل سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشنگوئی کے پیشِ نظر متعلقہ اداروں اور شراکت داروں کے لئے الرٹ جاری

112
NDMA
NDMA

اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں 15 اپریل سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشنگوئی کے پیشِ نظر متاثرہ علاقوں میں ممکنہ موسمی حالات سے نمٹنے کے لئے متعلقہ اداروں اور شراکت داروں کے لئے الرٹ جاری کر دیا ۔ جمعرات کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں 15 اپریل بروز ہفتہ سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے جو 20 اپریل تک جاری رہے گا۔ پیشن گوئی کی مدت کے دوران ممکنہ موسمی حالات کے پیش نظر متعلقہ ادارے اور دیگر شراکت دار الرٹ رہیں ۔

این ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ علاقوں میں گرد آلود آندھی اور ژالہ باری سے کھڑی فصلوں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ چترال، دیر، سوات، کوہستان، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ/ فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ اس صورتحال میں تمام محکموں ، اداروں اور وزارتوں کو مربوط انداز میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ این ڈی ایم اے نے کہا کہ مقامی آبادیوں ، مسافروں اور سیاحوں کی معلومات کے لئے پیشگی طور پر ضروری اطلاعات اور انتباعات جاری کرنے کے ساتھ ساتھ صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ اور بوقت ضرورت سامان و آلات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔

قبل ازیں محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی کہ بارش کا سبب بننے والا موسمی نظام 15 اپریل کو پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو مغربی اور وسطی حصوں میں پھیل جائے گا۔ اس موسمی نظام کے زیر اثر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی جبکہ کہیں کہیں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ 15 اپریل سے 20 اپریل کے دوران خیبر پختونخواہ میں چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، بونیر، کوہستان، شانگلہ، ہری پور، ایبٹ آباد، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان اور باجوڑ، گلگت بلتستان میں دیامیر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچے اور شگر، آزاد جموں وکشمیر میں وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور، پنجاب میں مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال اور جہلم اور اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ کہیں کہیں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

17 اور 18 اپریل کو کرم، وزیرستان، کوہاٹ، کرک، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان، کوئٹہ، ژوب، بارکھان، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن، پشین، زیارت، سبی، نصیر آباد، خضدار، قلات اور مکران میں بارش اور گرد و غبار کے ساتھ بارش اور کہیں کہیں ژالہ باری کا امکان ہے ۔ اس کے علاوہ پنجاب میں ملتان، ڈی جی خان، راجن پور، بہاولپور، رحیم یار خان، سیالکوٹ، بہاولنگر، لیہ، بھکر، خوشاب، میانوالی، سرگودہا، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، ساہیوال، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب، سندھ میں سکھر، لاڑکانہ اور جیکب آباد میں گرد آلود ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔

متاثرہ علاقوں میں گرد آلود ہواؤں، آندھی اور ژالہ باری سے کھڑی فصلوں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ چترال، دیر، سوات، کوہستان، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ/ فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔