ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد و خشک اور پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان

92

اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح /رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے جبکہ شام /رات کو مغربی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور برف باری ہو سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع جز وی ابر آلود رہا تاہم شمالی بلوچستان، کشمیر، مری، گلیات اور گردونواح میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور برف باری ہوئی۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع اور بالائی سندھ میں درمیانی سے شدید دھند چھائی رہی۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش گڑھی دوپٹہ میں 3، مظفر آباد (ائیرپورٹ 3، سٹی ایک)، راولاکوٹ، کوٹلی 2، مری 3، بارکھان میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ اس دوران مری میں ایک انچ برف باری بھی ہوئی۔

جمعرات کو ریکارڈ کئے گئے کم سے کم درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق لہہ منفی 11، سکردو منفی 9، گوپس منفی 8، زیارت منفی 7، استور منفی 6، کوئٹہ، گلگت منفی 5، کالام، کاکول اور بگروٹ میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔