اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):ملک کے تجارتی خسارہ میں جاری مالی سال کے پہلے سات ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 37 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان بیورو برائے شماریات اور سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2022 سے جنوری 2023 تک کی مدت میں تجارتی خسارہ کا حجم 17.32 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 37 فیصد کم ہے۔ گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں تجارتی خسارہ کا حجم 27.29 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
جنوری تجارتی خسارہ کا حجم 1.699 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو جنوری 2022 کے مقابلہ میں 60 فیصد کم ہے۔ جنوری 2022 میں تجارتی خسارہ کا حجم 4.30 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے سات ماہ میں اشیاء کی برآمدات کا حجم 16.42 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 7 فیصد کم ہے۔ گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اشیاء کی برآمدات کا حجم 17.74 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیاتھا۔ جنوری میں 2.20 ارب ڈالر مالیت کی اشیاء کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گذشتہ سال جنوری کے مقابلہ میں 12 فیصد کم ہے۔
گذشتہ سال جنوری میں 2.50 ارب ڈالر مالیت کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔ اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے سات ماہ میں 33.45 ارب ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 21 فیصد کم ہیں۔ گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 42.29 ارب ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔ جنوری میں 3.92 ارب ڈالر کی درآمدات ہوئیں جو جنوری 2022 کے مقابلہ میں 37 فیصد کم ہیں۔ جنوری 2022 میں 6.20 ارب ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔