ملک کے تجارتی خسارہ میں رواں مالی سال 15.2 فیصد کی کمی، برآمدات میں 10.7 فیصد اضافہ اور درآمدات میں 2.4 فیصد کمی ریکارڈ

90
Pakistan Bureau of Statistics.
Pakistan Bureau of Statistics.

اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):ملک کے تجارتی خسارہ میں جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 15.2 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جاری مالی سال میں پاکستان کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 10.7 فیصد کا اضافہ اور مجموعی ملکی درآمدات میں 2.4 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں پاکستان کا تجارتی خسارہ 21.73 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 25.64 ارب ڈالر تھا، مئی 2024 میں ملکی تجارتی خسارہ کا حجم 2.110 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا

جو گزشتہ سال مئی کے 2.107 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 0.14 فیصد زیادہ ہے، اپریل کے مقابلہ میں مئی میں تجارتی خسارہ میں ماہانہ بنیادوں پر 15.4 فیصد کی کمی ہوئی، اپریل میں تجارتی خسارہ کا حجم 2.495 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں ملکی برآمدات کا حجم 28.070 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 10.7 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پاکستانی برآمدات کا حجم 25.36 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا، مئی میں پاکستان کی برآمدات کا حجم 2.792 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا

جو اپریل کے مقابلہ میں 18.8 فیصد اور گزشتہ سال مئی کے مقابلہ میں 27.1 فیصد زیادہ ہے، اپریل میں ملکی برآمدات کا حجم 2.351 ارب ڈالر اور گزشتہ سال مئی میں 2.197 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں ملکی درآمدات پر 49.80 ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 51.010 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 2.4 فیصد کم ہے، مئی میں درآمدات پر 4.902 ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا جو اپریل میں 4.846 ارب ڈالر اور گزشتہ سال مئی میں 4.304 ارب ڈالر تھا۔